پنجاب بھر میں سموگ ایمرجنسی نافذ

پنجاب بھر میں سموگ ایمرجنسی نافذ
کیپشن: پنجاب بھر میں سموگ ایمرجنسی نافذ

ایک نیوز : پنجاب بھر میں سموگ ایمرجنسی نافذ کردی گئی ،ایک ماہ کیلئے پنجاب کے تمام سرکاری و نجی تعلیمی اداروں میں ماسک لازمی قرار دیدیا گیا۔

تفصیلات کےمطابق انسداد سموگ اقدامات کے حوالے سے وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت کئی گھنٹے طویل اجلاس ہوا۔ماہرین نے اجلاس میں بتایا کہ سکولوں میں چھٹی اور ٹرانسپورٹ بند کرنے سے فرق نہیں پڑے گا۔ ایک ماہ کے لئے تمام سرکاری و نجی سکولوں میں طلبا و طالبات کیلئے ماسک لازمی قراردیدیا گیا۔

محسن نقوی کا کہناتھا کہ کاشتکار بھائی فصلوں کی باقیات نہ جلائیں بلکہ انہیں مناسب طریقے سے تلف کیا جائے۔ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں اور فیکٹریوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رکھی جائے۔ 

محسن نقوی نے مزید کہا کہ جو کچھ انسانی بس میں ہے سموگ میں کمی کے لئے ہر وہ اقدام اٹھایا جائے۔ تمام متعلقہ محکمے فعال طریقے سے انسداد سموگ کے لئے کام کریں۔ 

ماہرین ماحولیات اور ماہرین صحت نے سموگ میں کمی اور سموگ کے اثرات سے بچاؤ کے حوالے سے احتیاطی تدابیر کے بارے میں بریفنگ دی۔صوبائی وزراء،ایس ایم تنویر، ڈاکٹر جاوید اکرم، عامر میر،منصور قادر، ابراہیم مراد،انسپکٹر جنرل پولیس،ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ،سیکرٹریز، زراعت،صحت، ٹرانسپورٹ،ماحولیات،لوکل گورنمنٹ،سکول ایجوکیشن،انڈسٹریز،چیئرمین پی آئی ٹی بی،کمشنر لاہور،ڈی جی پی ڈی ایم اے،ڈی جی پی ایچ اے،ڈپٹی کمشنر،سی ٹی او لاہور،سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی اور متعلقہ محکموں کے سربراہان نے اجلاس میں شرکت کی ۔