ڈنمارک کی ملکہ نے تخت و تاج چھوڑنے کا اعلان کردیا

ڈنمارک کی ملکہ نے تخت و تاج چھوڑنے کا اعلان کردیا
کیپشن: ڈنمارک کی ملکہ نے تخت و تاج چھوڑنے کا اعلان کردیا

ویب ڈیسک: ڈنمارک کی ملکہ مارگریٹ دوم نے تخت و تاج چھوڑنے کا اعلان کیا ہے۔ وہ 14 جنوری کو اپنی تاج پوشی کی 52 ویں سالگرہ کے موقع پر امورِ سلطنت اپنے بیٹے فریڈرک کے حوالے کردیں گی۔

تفصیلات کے مطابق ملکہ مارگریٹ دوم نے سال نو کے موقع پر قوم سے اپنے خطاب میں یہ حیرت انگیز اعلان کیا۔

مارگریٹ دوم 14 جنوری 1972 کو، اپنے والد شاہ فریڈرک نہم کے انتقال پر، ڈنمارک کی ملکہ بنائی گئی تھیں۔ سبک دوش ہونے پر بھی مارگریٹ دوم ”ہر میجسٹی“ کا ٹائٹل برقرار رکھیں گی۔

ایمبلین برگ کے مقام پر کرسچین نہم کے محل سے خطاب کرتے ہوئے ملکہ مارگریٹ دوم نے کہا کہ میں نے سبک دوش ہوکر تخت و تاج اپنے بیٹے ولی عہد فریڈرک کے حوالے کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

کمر کی تکلیف بڑھنے پر ملکہ مارگریٹ دوم کا آپریشن ہوچکا ہے۔ اس آپریشن کے بعد انہوں نے اس امر کا جائزہ لیا کہ کیا تخت و تاج چھوڑنے اور امورِ سلطنتت اگلی نسل کو منتقل کرنے کا وقت نہیں آیاَ؟

ملکہ نے خطاب میں کہا کہ جب میں نے معاملات کا جائزہ لیا تو اس نتیجے پر پہنچی کہ وقت ہاتھوں سے نکلا جارہا ہے۔ بیماریاں بڑھ رہی ہیں اور معاملات کو پہلے کی طرح سمجھنا اور نمٹانا ممکن نہیں رہا۔

ڈنمارک کے وزیر اعظم میٹ فریڈرکسن نے ملکہ مارگریٹ دوم کی خدمات کو سراہتے ہوئے پوری قوم کی طرف سے اظہارِ تشکر کیا۔