نئے پاکستان اور تبدیلی نے پرانا پاکستان بھی تباہ و برباد کردیا ،نوازشریف

نئے پاکستان اور تبدیلی نے پرانا پاکستان بھی تباہ و برباد کردیا ،نوازشریف
کیپشن: نئے پاکستان اور تبدیلی نے پرانا پاکستان بھی تباہ و برباد کردیا ،نوازشریف

ویب ڈیسک :مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ نئے پاکستان اور تبدیلی کی تلاش میں پرانا پاکستان بھی تباہ و برباد کردیا گیا ۔

مینگورہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نےکہا ہےکہ خیبر پختونخوا کے لوگ ایک شخص کے جال میں پھنس گئے، نئے پاکستان اور  تبدیلی کی تلاش میں  پرانا پاکستان بھی تباہ  و برباد کردیا۔ نواز شریف کا کہنا تھا کہ جن کو آزما چکے ان کو  بار  بار آزمانا ٹھیک نہیں، یہاں کونسا نیا موٹروے اور بجلی کا منصوبہ لگا، وہ 300 ڈیم کہاں گئے؟ کہیں بلین ٹری منصوبہ نظر نہیں آیا،  نواز شریف کا کہنا تھا کہ  آپ کیسے ا س شخص کے جال میں پھنس گئے جس نے آپ سےایک کروڑ نوکریوں اور گھروں کا وعدہ کیا تھا، یہاں ہزاروں کا مجمع ہے، پچاس لاکھ گھروں میں سےکسی کو گھر ملا؟  ووٹ لینےکے بعدکیا دیا؟ گھر نہ نوکری، آپ لوگ جال میں پھنس گئے، نئے پاکستان اور تبدیلی کی تلاش میں آپ  نے  پرانا  پاکستان بھی برباد کردیا۔

ان کا کہنا تھا کہ بتاؤ آج ملک میں مہنگائی ہے یا نہیں؟ نواز شریف کا دور  اچھا تھا کہ یہ دور  اچھا ہے؟ ہم جھوٹ نہیں بولتے، عوام سے کبھی جھوٹ نہیں بولا، آئندہ بھی سچ بولوں گا، میں جھوٹ بول کر اپنی عاقبت خراب نہیں کرسکتا، آپ سے جھوٹ کہے جاتے تھے، آپ اس جال میں پھنس گئےاور ملک کا یہ حال ہوگیا، اللہ سے معافی مانگو، میں بھی مانگوں گا۔انہوں نےکہا کہ  آپ ن لیگ کو موقع دیں گے تو خیبرپختونخوا کی تقدیر بدل دیں گے، آج 25 روپے میں روٹی ملتی ہے، ہمارے دور میں 5 روپےکی تھی۔

نوازشریف نے مزید کہا کہ یہاں دس سال تحریک انصاف کی حکومت رہی  ،اگر 10 سال مجھے ملتے ، شہبازشریف کو ملتے یا امیر مقام کو ملتے تو آج یہ صوبہ پاکستان کا سب سے خوبصورت صوبہ بنا ہوتا۔