سعودی ولی عہد سے صدر مملکت اور وفاقی وزراء کی ملاقات

سعودی ولی عہد سے صدر مملکت اور وفاقی وزراء کی ملاقات

ایک نیوز: سعودی ولی عہد و وزیراعظم محمد بن سلمان سے صدر مملکت عارف علوی، وفاقی وزیر مذہبی امور طلحہ محمود، وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ سمیت دیگر وزراء نے ملاقات کی۔

رپورٹ کے مطابق منیٰ میں سعودی ولی عہد نے اسلامی ممالک کے مختلف وفود سے ملاقات کی جس میں صدر مملکت، طلحہ محمود، رانا ثناءاللہ، خرم دستگیر، نگران وزیر اعلیٰ پنجاب اور اسلامی عسکری اتحاد کے کمانڈر جنرل راحیل شریف نے ملاقات کی۔

محمد بن سلمان سے ملاقات میں ڈاکٹر عارف علوی اور وفاقی وزراء نے حج 2023 کے کامیاب انتظامات پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔ سعودی ولی عہد کا کہنا تھا کہ دنیا بھر سے آنے والے عازمین حج اللہ کے مہمان ہیں اور ہم ان کی خدمت کا فریضہ انجام دے رہے ہیں جو ہمارے لئے فخر کی بات ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم حج کی ادائیگی  کو آسان بنانے کے لیے کوششیں جاری رکھیں گے اوراس ضمن میں اپنی تمام صلاحیتوں اور وسائل کو بروئے کار لائیں گے۔

واضح رہے کہ رواں سال مکہ مکرمہ میں سالانہ حج میں 18 لاکھ سے زیادہ غیرملکی عازمین نے شرکت کی ہے، حج ان تمام مسلمانوں پر لازم ہے جو سفرِ حج کی استطاعت رکھتے ہیں۔