پشاور دھماکا: وزیراعظم شہباز شریف، عمران خان سمیت سیاسی رہنماؤں کی مذمت

پشاور دھماکا: وزیراعظم شہباز شریف اور عمران خان کی مذمت
کیپشن: Peshawar blast: Prime Minister Shahbaz Sharif and Imran Khan condemned(file photo)

ایک نیوز: وزیراعظم شہباز شریف اور چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے پشاور دھماکے کی شدید مذمت کی ہے۔

ایک بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے پشاور دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالی کے حضور سربسجود مسلمانوں کا بہیمانہ قتل قرآن کی تعلیمات کے منافی ہے، اللہ کے گھر کو نشانہ بنانا ثبوت ہے کہ حملہ آوروں کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں۔

وزیراعظم نےکہا کہ دہشتگرد پاکستان کے دفاع کا فرض نبھانے والوں کونشانہ بناکرخوف پیدا کرنا چاہتے ہیں، پاکستان کے خلاف جنگ کرنے والوں کو صفحہ ہستی سے مٹا دیں گے اور ناحق شہریوں کا خون بہانے والوں کو عبرت کا نشان بنائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کے خاتمے کے لیے  پوری قوم اور ادارے یکسو اور متحد ہیں، پوری قوم اپنے شہدا کو سلام عقیدت پیش کرتی ہے۔

صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی:

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پشاور میں مسجد میں خود کش دھماکے کی شدید مذمت کی ہے۔ صدر مملکت نے مسجد میں خود کش حملے کے نتیجے میں نمازیوں کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ عبادت کے دوران مسلمانوں پر خودکش حملے کرنے والے اسلام، انسانیت اور پاکستان کے دشمن ہیں۔ پوری پاکستانی قوم دہشت گردی کے خلاف پرعزم ہے۔ ایسی دہشت گردانہ کارروائیاں قوم کے عزم کو متزلزل نہیں کرسکتیں۔ پوری پاکستانی قوم دہشت گردوں کے مکمل اور حتمی خاتمے کیلئے اپنی سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔ دہشت گردی کے جڑ سے خاتمے کیلئے مشترکہ اور دور رس اقدامات لینے کی ضرورت ہے۔ دہشت گردوں کی نظریاتی بنیاد ختم کرنے کیلئے تمام مکاتب فکر کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ اسلام شہریوں کے بہیمانہ قتل اور خود کش حملوں کی اجازت بالکل نہیں دیتا۔ ایسی دہشت گردانہ کارروائیاں اسلام کی تعلیمات کے منافی ہیں۔

صدر مملکت نے حملے میں زخمی ہونے والے افراد کی جلد صحتیابی کی دعا کی ہے۔ حملے میں شہید ہونے والوں کیلئے بلندی درجات، ورثاء کیلئے صبر جمیل کی دعا کرتے ہیں۔

عمران خان کی مذمت:

دوسری جانب چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے پشاور دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ میری دعائیں اور ہمدردیاں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں، دہشتگردی کے بڑھتے خطرے سے نمٹنے کے لیے لازم ہےکہ ہم اپنی انٹیلیجنس میں بہتری لائیں، پولیس کو مناسب انداز میں ضروری ساز و سامان سےلیس کریں۔

گورنر خیبرپختونخوا کا دورہ پولیس لائنز:

گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی نے پولیس لائنز کا دورہ کیا۔ گورنر حاجی غلام علی نے پولیس لائنز میں دھماکہ کے بعد جاری امدادی کارروائیوں کا جائزہ لیا۔ پولیس لائنز دھماکہ کی جگہ پر کمشنر پشاور، سی سی پی او نے گورنر کو امدادی، ریسکیو آپریشن سے متعلق آگاہ کیا۔ گورنر کےپی نے تمام متعلقہ اداروں کو امدادی آپریشن تیز کرنے کی ہدایت کردی۔

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال کی پشاور دھماکہ کی مذمت :

احسن اقبال نے ٹویٹ کر کے دھماکے کی مذمت کی۔ انہوں نے لکھا کہ پشاور پولیس لائنز کی مسجد میں خودکش دھماکہ بدترین دہشت گردی ہے۔ایسے سفاکانہ اور بزدلانہ حملوں کا مقصد قوم کے عزم کو کمزور کرنا ہے۔مگر یہ عزم ہے خون کے بہتے قطرے اور شہادت سے مزید مضبوط ہوگا۔

وفاقی وزیر و چیئرپرسن بی آئی ایس پی شازیہ مری کی پشاور دھماکے کی شدید مذمت:

وفاقی وزیر و چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے پشاور دھماکے میں شہادتوں پر رنج و غم کا اظہارکیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے دعاکی۔ شازیہ مری کا کہنا تھا کہ  پولیس نے دہشت گردی کی جنگ میں بے پناہ قربانیاں دی ہیں۔ دہشتگردوں کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں ہے۔انہوں نے شہریوں سے خون کے عطیات کی اپیل بھی کی۔

سپیکر اور ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی کی خودکش دھماکے کی مذمت:

اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف اور ڈپٹی اسپیکر زاہد اکرم درانی نے پشاور پولیس لائنز میں مسجد میں ہونے والے دھماکے کی مذمت کی ہے۔ اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکرنے دھماکے کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کے نقصان پر گہرے رنج و غم کا اظہارکیا ہے۔ اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر نےشہداء کے ورثاء سے دلی ہمدردی کا اظہار اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی۔انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ صوبائی حکومت کے متعلقہ حکام زخمیوں کو فوری طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام ضروری وسائل کو بروئے کار لائیں۔

اپنے بیان میں ان کا کہنا تھا کہ مسجد میں بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنانا دہشتگردوں کی بزدلانہ کارروائی ہے اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے،  قانون نافذ کرنیوالے ادارے ایسے شرپسند عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لاکر انہیں قانون کے مطابق سخت سے سخت سزا کا مرتکب ٹھہرائیں۔

انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے ناسور سے نمٹنے کے لیے پوری قوم اپنی سیکیورٹی فورسز کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر نے شہداءکے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔

نگران وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا
دوسری جانب نگران وزیراعلیٰ محمد اعظم خان نے دھماکے کے بعد پشاور کے بڑے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کرنے کا حکم دیتے ہوئے ہسپتالوں میں منتقل کئے جانے والے زخمیوں کو بروقت طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔

آصف زرداری
سابق صدر آصف علی زرداری نے پشاور میں خودکش دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا میں دہشتگردوں کا سرگرم ہونا انتہائی خطرناک ہے، حکومت نیشنل ایکشن پلان پر عمل کرتے ہوئے دہشتگردی کی نرسریوں کو تباہ کرے، ضمنی اور عام انتخابات سے قبل دہشتگردی کی وارداتیں باعث تشویش ہیں، وفاقی اور صوبائی نگران حکومت دہشتگردوں کے منصوبہ سازوں اور سہولت کاروں کو قانون کی گرفت میں لائے۔

بلاول بھٹو
چیئرمین پیپلزپارٹی اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے بھی پشاور میں خودکش حملے کی مذمت کی اور کہا کہ ضمنی اور عام انتخابات سے قبل دہشتگردی کے واقعات معنی خیز ہیں، دہشتگردوں، ان کے سرپرستوں اور سہولت کاروں کے خلاف سخت کارروائی کرنا ہوگی، نیشنل ایکشن پلان ہی دہشتگردوں کا علاج ہے اس پر سختی سے عمل کیا جائے گا، پیپلزپارٹی کے کارکن اور عہدے دار خون کے عطیات دیکر زخمیوں کی جان بچائیں۔

مولانا فضل الرحمان
سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان کا پشاور مسجد میں بم حملہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہنا تھا کہ مقدس مقام اور عبادت کے دوران حملہ سفاکیت کی انتہاء ہے، قوم باہمی اتحاد واتفاق سے ایسے سازشی عناصر کا مقابلہ کرے، حملے میں شہید ہونے والوں کے لئے مغفرت اور زخمیوں کی صحتیابی کیلئے اللہ سے دعا گو ہوں، دعا کرتے ہیں کہ اللہ کریم لواحقین کو صبر جمیل عطاء فرمائے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان
ادھر وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے پشاور میں پولیس لائنز کی مسجد میں بم دھماکہ کی مذمت کرتے ہوئے جانی نقصان پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ ملک کی سلامتی کے اداروں اور معصوم شہریوں کو نشانہ بنانا قابل مذمت ہے۔

حمزہ شہباز 

حمزہ شہباز نے خودکش دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ پشاور خودکش دھماکہ بدترین دہشتگردی ہے۔اس اندوہناک واقعے کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔خیبر پختونخوا میں امن و امان کی بگڑتی صورتحال اور دہشتگردی کے حالیہ واقعات انتہائی تشویشناک ہیں۔ اللہ تعالی زخمیوں کو جلد صحت، شہداء کے درجات بلند اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

محمود خان
سابق وزیراعلیٰ محمود خان نے کہا کہ پولیس لائن کی مسجد میں دھماکا انتہائی دلخراش ہے، انسانی جانوں کا ضیاع انتہائی افسوسناک ہے، متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر شریک ہیں، زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعاگو ہوں۔

گورنرپنجاب محمد بلیغ الرحمان:

گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے پشاور میں پولیس لائن کے قریب مسجد میں خودکش دھماکے کی مذمت کی ہے اور قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کیا ہے۔ گورنر پنجاب نے دھماکے میں زخمی افراد کی جلد صحت یابی کی دعا کی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہماری سیکیورٹی فورسز، افواج پاکستان اور قوم نے دہشت گردی کے خلاف میں بے پناہ قربانیاں دی ہیں۔ شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں متحد ہے۔ 

نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی:

نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے پولیس لائنز پشاور کی مسجد میں دھماکے کی شدید مذمت کی ہے اور قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے شہدا کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کرتے ہوئے زخمی افراد کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی ہے۔ 

انہوں نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے اس واقعہ کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ معصوم نمازیوں کو نشانہ بنانے والے انسان کہلانے کے حق دار نہیں۔ مسجد میں نمازیوں کو نشانہ بنانا انتہائی بزدلانہ فعل ہے۔ دہشت گردوں نے نمازیوں کو نشانہ بنا کر بدترین سفاکیت اور درندگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ پنجاب حکومت سوگوار خاندانوں کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ ہماری تمام تر ہمدردیاں شہداء کے لواحقین کے ساتھ ہیں۔

وفاقی وزیر داخلہ راناثناءاللہ:

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ نمازیوں پر دہشت گرد حملے کی جتنی زیادہ مذمت کی جائے اتنی کم ہے۔ نمازیوں پر دشت گرد حملہ ایک سفاکانہ اور بزدلانہ فعل ہے۔ پشاور پولیس لائنز مسجد واقعے کی تمام پہلوؤں سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ وفاقی ادارے خیبر پختونخواہ حکومت کی مکمل معاونت کررہے ہیں۔ دہشتگردانسانیت اور اسلام کے دشمن ہیں۔  پوری قوم نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں عظیم قربانیاں دی ہیں، اپنے شہداءکو سلام عقیدت پیش کرتے ہیں۔ دہشتگردی کو شکست فاش دینگے، ملک دشمنوں کی سازشوں کو ناکام بنائیں گے۔ وزیر داخلہ نے شہداء کے درجات کی بلندی، اہل خانہ کے لئے صبر اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ:

وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے پشاور پولیس لائنز میں دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے جانی نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی ہے۔ 

جام اکرام اللہ دھاریجو، حسن مرتضیٰ، انجینئر امیر مقام، حلیم عادل شیخ، شرجیل انعام میمن اور بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے بھی خودکش دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔