پٹرول کی قیمت میں بڑے اضافے کا امکان

پٹرول کی قیمت میں بڑے اضافے کا امکان
کیپشن: Petrol, diesel prices in Pakistan may increase from February 1

ویب ڈیسک :عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافے اور امپورٹ پریمیم بڑھنے کے باعث اگلے 15 دن کے لئے پٹرول کی قیمت میں بڑے  اضافے کا امکان ہے۔

تفصیلات کےمطابق عالمی منڈی کے زیراثر پاکستان میں یکم فروری سے اگلے پندرہ روز کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 9 روپے فی لیٹر تک اضافہ کیا جاسکتا ہے ،مارکیٹ ذرائع کے اعداد وشمار کے مطابق پیٹرول اور ڈیزل کی عالمی منڈیوں میں قیمتیں گزشتہ 15 دن کے دوران بڑھی ہیں، اس کے علاوہ پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) کو امپورٹ پریمیم کی مد میں بھی زائد ادائیگی کرنی پڑی ہے۔ نتیجتاً ڈیزل کی قیمت میں 4 تا 6 روپے فی لیٹر اور پیٹرول 6.5 تا 9 روپے مہنگا ہو جائے گا تاہم مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل کی قیمتیں برقرار رکھے جانے کا امکان ہے۔

رپورٹ کے مطابق عالمی مارکیٹ میں پیٹرول کی قیمت 3 ڈالر بڑھ کر 83 ڈالر سے 86.5 ڈالر فی بیرل ہوگئی، اسی طرح ڈیزل 2 ڈالر مہنگا ہو کر 95.6 ڈالر سے 97.5 ڈالر فی بیرل ہوگیا، اس کے برعکس امریکی کرنسی کے مقابلے میں روپے کی قدر تقریباً ایک روپے 50 پیسے بڑھی، اور جنوری کے نصف تک 281 کے برعکس 280 روپے پر آگئی۔ذرائع کے مطابق پی ایس او کی جانب سے کارگو کے پریمیم میں 2 ڈالر کا اضافہ ہوا، پیٹرول کے لیے 4.2 ڈالر سے بڑھ کر 6.5 ڈالر فی بیرل اور ڈیزل کے لیے 7.5 ڈالر سے بڑھ کر 9.5 ڈالر فی بیرل ہوگیا۔