عمرے کی آڑمیں بیرون ملک بھیک مانگنے والوں کےخلاف کریک ڈاؤن،74گرفتار

عمرے کی آڑمیں بیرون ملک بھیک مانگنے والوں کےخلاف کریک ڈاؤن،74گرفتار
کیپشن: عمرے کی آڑمیں بیرون ملک بھیک مانگنے والوں کےخلاف کریک ڈاؤن،74گرفتار

ایک نیوز:عمرے کی آڑ میں ملک سے باہر جاکربھیک مانگنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن،74گرفتار،ملک بھر کے ایئرپورٹ پر مسافروں کی اسکریننگ ۔

تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے امیگریشن نے ملتان ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے عمرے کی آڑ میں سعودی عرب جانے والے بھکاری کو آف لوڈ کر دیا۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق مسافر عمرے کے ویزے پر سعودی عرب جارہاتھا،مسافر جعلی ہوٹل بکنگ اور  ریٹرن ٹکٹ پر سعودی عرب جا رہا تھا، ملزم نے اعتراف کیا کہ وہ بھیک مانگنے کے لیے سعودی عرب جا رہے۔

ایف آئی اے  کے مطابق ملزم محمد شہباز نے انکشاف کیا کہ سعودی عرب میں تسبیح اور پرفیوم کی فروخت  بھی کرنا تھی،ملزم نے تسبیح اور پرفیوم کی فروخت کی آڑ میں بھیک مانگنا تھی،ملزم کی نشاندہی پر محمد علی نامی ایجنٹ کو بھی گرفتار کر لیا گیا،ایجنٹ محمد علی نے متعدد لوگوں کو بھیک کے غرض سے سعودی عرب بھیجا۔

ایف آئی اے کے مطابق مذکورہ ایجنٹ رحیم یار خان میں رحمانی ٹریولز اینڈ ٹورز کے نام سے ایجنسی چلا رہا تھا،کمپوزیٹ سرکل ملتان نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔مزید تفتیش جاری ہے۔

دوسری جانب  گداگری کی روک تھام کے لئے تمام ائرپورٹس کو خصوصی مراسلہ جاری کیا گیا ہے جبکہ ڈی جی ایف آئی اے کی ہدایات کی روشنی میں ملک بھر کے ائیرپورٹس پرمسافروں کی اسکریننگ کا عمل بھی جاری ہے۔

ترجمان ایف آئی کے مطابق ایسے عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن بھی شروع کردیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا تھا کہ ملک بھر کے ایئر پورٹس سے 74 مسافروں کو آف لوڈ کر کے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکلز منتقل کیا گیا جن سے تفتیش جاری ہے۔

علاوہ ازیں ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے محسن بٹ نے ہدایت کی کہ عمرے پر جانے والے تمام مسافروں کی مکمل اسکریننگ اور پروفائلنگ کو یقینی بنایا جائے اور ایئر پورٹ پر موجود دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ساتھ مل کر مسافروں کے سامان کی بھی سخت چیکنگ کی جائے۔

ڈی جی ایف آئی اے کا مزید کہنا تھا کہ بھیک مانگنے میں ملوث ملزمان کے پاسپورٹس بلیک لسٹ کردیے جائیں۔