متحدہ عرب امارات کی ایئر فورس اور ایئر ڈیفنس کے سربراہ کا ایئر ہیڈ کوارٹرز کا دورہ

متحدہ عرب امارات کی ایئر فورس اور ایئر ڈیفنس کے سربراہ کا ایئر ہیڈ کوارٹرز کا دورہ
کیپشن: متحدہ عرب امارات کی ایئر فورس اور ایئر ڈیفنس کے سربراہ کا ایئر ہیڈ کوارٹرز کا دورہ

ایک نیوز :متحدہ عرب امارات کی ایئر فورس اور ایئر ڈیفنس کے سربراہ میجر جنرل اسٹاف پائلٹ ابراہیم ناصر محمد العلاوی کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطحی وفد نے  ائیر ہیڈ کوارٹرز، اسلام آباد کے دورے کے دوران سربراہ پاک فضائیہ، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی۔

ترجما ن  کےمطابق ائیر ہیڈ کوارٹرز آمد پر پاک فضائیہ کے ایک چاق و چوبند دستے نے میجر جنرل اسٹاف پائلٹ ابراہیم ناصر محمد العلاوی کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔ بعد ازاں پاک فضائیہ کے پرنسپل اسٹاف آفیسرز سے ان کا تعارف بھی کروایا گیا۔ معزز مہمان نے سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے انکے دفتر میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران ایئر چیف نے پاک فضائیہ کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیئے جاری مختلف منصوبوں کا ذکر کیا جنکے ذریعے سائبر، اسپیس، آرٹیفیشل انٹیلیجنس، الیکٹرانک وارفیئر اور جدید ٹیکنالوجیز سے متعلق شعبوں میں آپریشنل صلاحیتوں کو فروغ حاصل ہوگا۔ انہوں نے پاک فضائیہ کی آپریشنل ساخت، اسکے اہداف اور مستقبل کی عسکری صلاحیتوں کے حصول کے لیے پاک فضائیہ کے بنیادی ڈھانچے کی بہتری کے لئے جاری مختلف منصوبوں کا بھی ذکر کیا۔

 ایئر چیف نے پاک فضائیہ کی جانب سے منعقد کی گئی بین الاقوامی فضائی مشق انڈس شیلڈ میں متحدہ عرب امارات کے فضائی دستے کی شرکت کو سراہتے ہوئے دونوں ممالک کے مابین بے مثال برادرانہ تعلقات کو اجاگر کیا۔ سربراہ پاک فضائیہ نے عسکری تعاون، مشترکہ مشقوں اور تربیتی شعبے میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے اپنے عزم کا بھی اعادہ کیا۔

متحدہ عرب امارات کی ائیر فورس اور ائیر ڈیفنس کے سربراہ نے پاک فضائیہ کی جانب سے خود انحصاری کے میدان میں کی گئی شاندار پیش رفت اور پاک فضائیہ کے اہلکاروں کی پیشہ وارانہ مہارت کو سراہا۔ دونوں سربراہان نے عسکری تربیت اور نئی ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز میں آپریشنل صلاحیتوں سے متعلق دو طرفہ تعلقات کو مزید تقویت دینے پر اتفاق کیا۔ معززین نے مشترکہ فوجی مشقوں اور باہمی تبادلے کے پروگرامز کو مزید فروغ دینے پر بھی گفتگو کی جنکے ذریعے تجربات کا تبادلہ، باہمی تعاون اور دونوں برادر ممالک کی فضائی افواج کے مابین دیرینہ تعلقات کا فروغ ممکن ہوگا۔

متحدہ عرب امارات کی ائیر فورس اور ائیر ڈیفنس کے سربراہ نے اپنے دورے کے دوران ائیر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں قائم مختلف تنصیبات اور تکنیکی انفراسٹرکچر کا معائنہ کیا جن میں نیشنل آئی ایس آر اینڈ انٹیگریٹڈ ائیر آپریشن سینٹر اور پاک فضائیہ کی سائبر کمانڈ شامل ہیں۔ انہوں نے نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک کا بھی دورہ کیا اور اس منصوبے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ انہوں نے ریکارڈ مدت میں اس وسیع منصوبے کی تکمیل پر سربراہ پاک فضائیہ، ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو، کی متحرک قیادت کی بھی تعریف کی۔