پنجاب میں اعتماد کا ووٹ، پی ڈی ایم بڑی کامیابی حاصل نہ کرسکی

پنجاب میں اعتماد کا ووٹ، پی ڈی ایم بڑی کامیابی حاصل نہ کرسکی
کیپشن: In Punjab, the PDM could not win a vote of confidence(file photo)

ایک نیوز نیوز: تخت لاہور پر حکمرانی کی جنگ کیلئے ہر گزرتے روز کے ساتھ سیاسی پارہ ہائی ہوتا جارہا ہے۔ پی ڈی ایم سمیت ق لیگ اور پی ٹی آئی کی جانب سے ایڑی چوٹی کا زور لگایا جارہا ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف کی آصف زرداری ، مولانا فضل الرحمن اور چودھری شجاعت سے ملاقاتوں میں قائدین نے وفاقی حکومت کے استحکام اور آئینی مدت پوری کرنے کو صوبائی اسمبلیاں بچانے اور پنجاب میں پی ٹی آئی حکومت کے خاتمے سے مشروط کردیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پرویز الٰہی اور ان کی حکومت کی بحالی کے بعد پی ڈی ایم نے ازسرنو صف بندی کی ہے اوران کا اعتماد کا ووٹ روکنے کیلئے پارٹی عہدیداروں کو ٹاسک تفویض کردیئے ہیں۔ پرویز الٰہی کو پی ٹی آئی سے جدایا مسلم لیگ قاف کے کچھ اراکین کو اعتماد کے ووٹ سے گریز پر آمادگی کیلئے چودھری شجاعت کو کردار ادا کرنے پر زور دیا جارہا ہے۔

ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ طارق بشیر چیمہ سرگرم ہیں لیکن فی الحال انہیں کوئی خاطر خواہ کامیابی نہیں مل سکی ہے۔ لیکن وہ پرامید ہیں کہ ق لیگ کے کچھ اراکین پرویز الہٰی کو ووٹ نہیں دیں گے۔

ذرائع کے مطابق پی ڈی ایم کی طرف سے بھی تحریک انصاف کے اراکین کو عام انتخابات کیلئے ٹکٹ سمیت کئی طرح کی ترغیبات دی جارہی ہیں اور ساتھ ہی انہیں متنبہ کیا جارہا ہے کہ پنجاب اسمبلی کی تحلیل کی صورت میں وہ بے یارو مدد گار رہ جائیں گے ۔