بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے یوم پیدائش پر پاک فضائیہ کا خراج عقیدت

بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے یوم پیدائش پر پاک فضائیہ کا خراج عقیدت
کیپشن: Pakistan Air Force Tributes on the Birth Anniversary of Founder of Pakistan Quaid-e-Azam Muhammad Ali Jinnah

ایک نیوز: پاک فضائیہ کے شعبہ تعلقات عامہ نے قائداعظم محمد علی جناح کے یوم پیدائش کی مناسبت سے ایک مختصر ویڈیو جاری کی ہے جس میں پاک فضائیہ کی جانب سے بانی پاکستان کو خراج عقیدت پیش کیا گیا ہے۔ 

ویڈیو میں اس امر کو اجاگر کیا گیا ہے کہ قائداعظم محمد علی جناح نے برصغیر کے مظلوم مسلمانوں میں امید کی کرن روشن کی اور انہیں ایک قوم کی صورت میں متحد کر کے ان کے لئے ایک علیحدہ و آزاد وطن حاصل کیا۔ یہ قائداعظم کی انتھک کاوشوں کا ہی ثمر ہے کہ ہم آج ایک آزاد مملکت میں سانس لے رہے ہیں۔

ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق قائداعظم نے جمہوریت، آزادی، مساوات، رواداری اور سماجی انصاف کے اصولوں پر مبنی ایک ریاست کا تصور دیا اور بنیاد رکھی۔ 

انہوں نے پاک فضائیہ کو نظم و ضبط اور خود انحصاری کے ذریعے SECOND TO NONE بننے کا پائیدار وژن بھی دیا۔ قائد کا نظریہ، وژن اور ایمان، اتحاد اور نظم و ضبط کے رہنما اصول ہمارے لیے ایک عظیم قوم بننے کے سفر میں مشعل راہ ہیں۔