ریاست مخالف تقریر: ایمان مزاری، علی وزیر کی جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد

ریاست مخالف تقریر: ایمان مزاری، علی وزیر کی جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد
کیپشن: Anti-state speech: Iman Mazari, Ali Wazir's request for physical remand rejected

ایک نیوز: ریاست مخالف تقریر کے معاملے میں ایمان مزاری اور علی وزیر کی مزید 3 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کردی گئی ہے۔ جبکہ عدالت نے  ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل روانہ کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ابو الحسنات محمد ذولقرنین نے کیس کی سماعت کی۔ پراسیکیوٹر نے اپنے دلائل میں کہا کہ وائس میچنگ اور فوٹو گرامیٹک ٹیسٹ کروالیے گئے ہیں۔ تحریری تقاریر کے ٹرانسکرپٹ برآمد کرنا ہیں۔ 

پراسیکیوٹر نے ایمان مزاری اور علی وزیر کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا کردی۔ جس پر عدالت نے ریمارکس دیے کہ تین دن دیے ان میں انویسٹیگیشن آفیسر نے کیا کیا؟ عدالت نے علی وزیر اور ایمان مزاری کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کردی۔

اے ٹی سی عدالت نے ایمان زینب مزاری اور علی وزیر کو جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھجوا دیا۔ عدالت نے حکم دیا کہ ایمان زینب مزاری اور اس کی والدہ کی ملاقات میں کوئی رکاوٹ نہیں ہونی چاہیے۔

اے ٹی سی جج نے ایمان زینب مزاری  کی والدہ سے کمرہ عدالت میں ملاقات کروانے کی اجازت دیدی۔ جج ابوالحسنات ذولقرنین نے ایمان مزاری کی درخواست ضمانت پر 26 اگست کو فریقین کو طلب کرلیا۔