ایرانی صدر ابراہیم رئیسی لاہور پہنچ گئے، مزار اقبال پر حاضری 

ایران کے صدر ابراہیم رئیسی کی مزار اقبال پر حاضری 
کیپشن: Iran's President Ibrahim Raisi visits Mazar-e-Iqbal

ایک نیوز:ایرانی صدر ابراہیم رئیسی لاہور پہنچ گئے، جہاں انہوں نے مزاراقبال پر حاضری دی۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے علامہ اقبال انٹرنیشنل ا یئرپورٹ پر مہمان ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کا استقبال کیا اور انہیں خوش آمدید کہا۔ بعد ازاں ایرانی صدر مزار اقبال حاضری دینے پہنچے جہاں انہوں نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات قلمبند کیے۔
ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ عوامی اجتماع سے خطاب کرتا لیکن وجوہات کی بنا پر ایسا نہیں ہو سکا۔ 
انہوں نے کہا کہ میں پاکستان کے عوام کے جذبات کی قدر کرتا ہوں اور پاکستان کے عوام کو ایرانی سپریم کمانڈر کی جانب سے سلام پیش کرتا ہوں۔
صدر ابراہیم رئیسی نے کہا کہ علامہ اقبال کی شخصیت بہت اہم ہے، ان کی الہامی صلاحیت نے باطل قوت اور استعمار کے خلاف کھڑا ہونا سکھایا۔ 
انہوں نے کہا کہ ایران کے عوام اور پاکستان کے عوام کے درمیان انسیت کا رشتہ پایا جاتا ہے۔ غزہ سے متعلق پاکستان کے مؤقف کو سراہتے ہیں۔ غزہ کی جنگ میں فلسطین کی فتح ہوگی۔
مہمان وفد کی آمد کے موقع پر سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، سینیٹر پرویز رشید، صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ زاہد بخاری، وزیر خزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمٰن، صوبائی وزیر سیکنڈری ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن خواجہ سلیمان رفیق، صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین، صوبائی وزیر انڈسٹریز چودھری شافع حسین، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، لاہور میں تعینات ایرانی قونصل جنرل مہران مواحدفر اور دیگر اس موقع پر موجود تھے۔