ورلڈ کپ ، بھارت نے نیوزی لینڈ کو 4 وکٹوں سے شکست دیدی

بھارت کا نیوزی لینڈ کیخلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ
کیپشن: India won the toss and decided to field against New Zealand

 ایک نیوز : ورلڈکپ میں بھارت نے ویرات کوہلی کی شاندار بیٹنگ کی بدولت نیوزی لینڈ کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ میں مسلسل پانچویں کامیابی حاصل کرلی۔
بھارت نے نیوزی لینڈ کا 274 رنز کا ہدف48اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا، ویرات کوہلی 95 رنز بناکر نمایاں رہے۔
 دھرم شالہ میں ہماچل پردیش کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بھارت نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی۔
نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم مقررہ 50 اوورز میں 273 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، ڈیرل مچل 130 رنز بناکر نمایاں رہے۔
بھارت کے خلاف نیوزی لینڈ کی اننگز کا آغاز اچھا نہ تھا، 9 کے مجموعی اسکور پر ڈیون کونوے صفر پر محمد سراج کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ بعد ازاں ٹیم کا مجموعی اسکور 19 رنز پر  پہنچا تو محمد شامی نے وِل ینگ کو 17 رنز پر پویلین بھیجا۔
2 وکٹیں گرنے کے بعد ڈیرل مچل اور نوجوان بیٹر رچن رویندرا کے درمیان شاندار 159 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی جس نے ٹیم کا اسکور 178 رنز تک پہنچایا، دونوں بیٹرز نے گراؤنڈ کے چاروں اطراف دلکش شاٹس لگائے۔
لیکن پھر رچن 87 گیندوں پر 75 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے، اس کے بعد ٹام لیتھم 5، گلین فلپس 23، مارک چیپمین 6 اور سینٹنر ایک رن بناکر پویلین لوٹے۔
جہاں ایک جانب سے وکٹیں گرر ہی تھیں وہیں دوسری طرف ڈیرل مچل نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے سنچری اسکور کی، وہ بھی 127 گیندوں پر 130 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے، ان کی اننگز میں 9 چوکے اور 5 چھکے شامل تھے۔ 

اس کے علاوہ میٹ ہینری صفر، فرگوسن ایک رن بناسکے، یوں کیویز کی پوری ٹیم 50 اوورز میں 273 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
بھارت کی جانب سے محمد شامی نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 5 وکٹیں حاصل کیں، کلدیپ یادیو نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ محمد سراج اور بمراہ نے ایک، ایک وکٹ لی۔
نیوزی لینڈ کے 274 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بھارت کا آغاز اچھا رہا، اوپنرز کے درمیان 71 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی لیکن پھر کپتان روہت شرما 46 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے جبکہ شبھمن گل بھی 26 رنز پر پویلین لوٹے۔
اس کے بعد شریاس ائیر33، کے ایل راہول 27 اور سوریا کمار یادیو 2 رنز بناکر ٹیم کا ساتھ چھوڑ گئے۔
ایسے میں ویرات کوہلی ایک بار پھر مرد بحران ثابت ہوئے اور شاندار بیٹنگ کی اور کیوی بولرز کا جم کر سامنا کیا اور دلکش شاٹس لگائے، لیکن وہ سنچری پوری نہ کرسکے اور 104 گیندوں پر 95 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔
اس کے علاوہ رویندرا جڈیجا 39 رنز بناکر ناقابل شکست رہے، بھارت نے نیوزی لینڈ کا 274 رنز کا ہدف 48 اوورز میں پورا کرلیا اور ایونٹ میں مسلسل پانچویں کامیابی حاصل کرلی۔
نیوزی لینڈ کی رواں ورلڈکپ میں یہ پہلی شکست ہے، کیویز نے اب تک5 میچز کھیلے اور 4 میں فتح حاصل کی۔ 
شاندار بولنگ پرفارمنس پر محمد شامی کو پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔  
ورلڈکپ میں مسلسل پانچویں کامیابی کے بعد بھارت نے پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن حاصل کرلی ہے، نیوزی لینڈ کا دوسرا، جنوبی افریقا کا تیسرا  اور آسٹریلیا کا چوتھا نمبر ہے۔
پاکستان 4 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر موجود ہے۔
واضح رہے کہ گروپ اسٹیج کے اختتام پر ٹاپ 4 ٹیمیں سیمی فائنلز کیلئے کوالیفائی کریں گی۔