کراچی: شادی سے ایک روز قبل قتل ہونے والے نوجوان کی نمازجنازہ ادا کردی گئی

کراچی: شادی سے ایک روز قبل قتل ہونے والے نوجوان کی نمازجنازہ ادا کردی گئی
کیپشن: Karachi: The funeral prayers of a young man who was killed a day before his wedding were performed

ایک نیوز: کورنگی میں اسامہ نامی نوجوان کے قتل کے واقعہ میں نئی پیشرفت سامنے آگئی ہے۔ مقتول اسامہ کی نماز جنازہ کورنگی نمبر ڈیڑھ میں واقعہ عثمانیہ مسجد میں ادا کردی گئی۔ مقتول کی نماز جنازہ میں عزیز و اقارب سمیت اہل علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

کراچی کے علاقے کورنگی عوامی کالونی میں شادی سے ایک روز قبل ہی اسامہ جاوید نامی نوجوان کو قتل کر دیا گیا۔ نوجوان اسامہ جاوید کے قتل کا مقدمہ مقتول کے والد کی مدعیت میں عوامی کالونی تھانے میں درج کیا گیا ہے۔ 

ایف آئی آر کے متن کے مطابق مقتول کے والد نے بتایا ہے کہ جمعے کی رات بیٹے اسامہ کی مایوں کے لیے دلہن کے گھر جانا تھا کہ مقتول اسامہ کا دوست طلحہٰ اسے گھر لینے آیا۔ ہم لوگ دلہن کے گھر سے واپس آئے تو پتہ چلا کہ اسامہ گھر پر موجود نہیں۔ اسامہ کے فون پر کال کی تو فون بند ملا۔ 

پولیس کے مطابق مقتول کے دوست طلحہٰ نے دیگر دو ساتھیوں کے ہمراہ اسامہ کو فائرنگ کرکے قتل کیا۔ طلحہٰ کو حراست میں لے لیا ہے۔ دیگر 2 ملزمان کی گرفتاری کی کوشش جاری ہے۔ پولیس نے واردات میں استعمال ہونے والی گاڑی برآمد کر لی ہے۔ پولیس کے مطابق گاڑی سے خون کے نمونے بھی حاصل کر لیے گئے ہیں۔