بیجنگ: نگران وزیراعظم کی اہم کاروباری شخصیات اور وزراءسے ملاقاتیں

بیجنگ: نگران وزیراعظم کی اہم کاروباری شخصیات سے ملاقاتیں
کیپشن: Beijing: Caretaker Prime Minister meets important businessmen

ایک نیوز:نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ ان دنوں چین کے سرکاری دورے پر ہیں۔ جہاں ان کی بہت سے عالمی رہنماؤں سمیت چین کی معروف کاروباری شخصیات اور وزراء سے ملاقاتیں ہورہی ہیں۔

نگران وزیراعظم سے چین کی مرکزی کمیٹی کے بین الاقوامی ڈیپارٹمنٹ کے وزیر کی ملاقات:

نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ سے چین کی مرکزی کمیٹی کے بین الاقوامی ڈیپارٹمنٹ کے وزیر لیو جیان چاؤ (Liu Jianchao) کی ملاقات آج بیجنگ میں ہوئی۔ 

پاکستان اور چین کے مابین دیرینہ تاریخی تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے چین کی کمیونسٹ پارٹی کے پاک چین تعلقات اور باہمی ہم آہنگی بڑھانے میں کردار کو سراہا۔ وزیرِ اعظم نے چین کی ترقی میں کمیونسٹ پارٹی کے کلیدی کردار کی بھی تعریف کی۔  

وزیرِ اعظم نے کہا کہ چین اور پاکستان کے عوام کے مابین موجود خیرسگالی کے جذبات پاک چین دیرینہ دوستی اور اسٹریٹجک شراکت داری کا مرکزی عنصر ہے۔

وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ اور لیو جیان چاؤ نے عوام، قانون ساز اسمبلیوں، سیاسی پارٹیوں، اسکالرز، میڈیا، نواجونوں، خواتین اور تھنک ٹینکس کے مابین روابط کے فروغ پر گفتگو کی۔ یہ روابط پاکستان اور چین کے مابین نسل در نسل دوستی کے فروغ کو یقینی بنائیں گے۔ 

لیو جیان چاؤ نے کہا کہ وزیرِ اعظم کا دورہ چین، پاکستان اور چین کے مابین خصوصی دوستی کی روایات کا عکاس ہے۔ انہوں نے چینی کمیونسٹ پارٹی کی پاکستان اور چین کے تعلقات کی مضبوطی میں کردار جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

نگران وزیراعظم سے چیئرمین چائنہ ڈویلپمنٹ کوآپریشن ایجنسی کی ملاقات:

نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ سے چیئرمین چائنہ ڈویلپمنٹ کوآپریشن ایجنسی (CIDCA) لؤ زاؤہوئی (Lou Zhaohui) کی بیجنگ میں ملاقات ہوئی۔

وزیرِ اعظم نے سی پیک کے شراکت داری اور رابطے بڑھانے کے وژن کی تعریف کی جس کے ثمرات گزشتہ دس برس میں پاکستان کی معاشی ترقی کی صورت میں حاصل ہوئے۔ وزیراعظم نے سی پیک منصوبے کو پاک چین دوستی کی تاریخ میں ایک سنگِ میل قرار دیا، جس کی بدولت نہ صرف پاکستان کی معاشی ترقی و خوشحالی ہوگی بلکہ اس کی وجہ سے خطے میں مواصلاتی روابط و مجموعی ترقی کو فروغ ملے گا۔ 

وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ اور لؤ زاؤہوئی نے چین اور پاکستان کے مابین سی پیک کے تحت زراعت، صحت، تعلیم، پیشہ ورانہ تربیت، صاف پانی کی فراہمی اور تخفیفِ غربت کے حوالے سے تعاون پر گفتگو کی لؤ زاؤہوئی نے وزیرِ اعظم کی چین کے گلوبل ڈویلپمنٹ انیشی ایٹیو پر عملدرآمد کو تیز کرنے کی تجویز کا خیر مقدم کیا۔  

وزیرِ اعظم نے پاکستان اور CIDCA کے مابین شراکت داری بالخصوص اس کے تحت پاکستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں کو سراہا۔ چیئرمین لؤ زاؤہوئی نے وزیرِ اعظم کو CIDCA کی سی پیک کے طویل المدتی منصوبوں کی تکمیل میں مدد کو جاری رکھنے کی یقین دہانی کروائی۔

نگران وزیرِاعظم انوارالحق کاکڑ سے چیئرمین مِن میٹلز (Minmetals) وینگ ژولیانگ (Weng Zuliang) اور چیئرمین MCC (Metallurgical Corporation of China) مِن جیانوانگ (Chen Jianuang)  کی آج بیجنگ میں ملاقات ہوئی۔

ملاقات میں پاکستان میں کان کنی اور معدنیات کے شعبے میں سرمایہ کاری کے حوالے سے گفتگو ہوئی۔ ملاقات میں دونوں کمپنیوں نے پاکستان میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔

وزیرِاعظم نے شرکاء کو حکومت کی کاروبار دوست پالیسیوں کے بارے آگاہ کیا۔ وزیرِ اعظم نے شرکاء کو خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے بارے بھی آگاہ کیا اور بتایا کہ حکومت whole of the) government) اپروچ کے تحت پاکستان میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے اقدامات اٹھا رہی ہے۔

یاد رہے کہ نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ چین میں آج چینی کاروباری شخصیات و چینی کمپنیوں کے نمائندوں سے ملاقات کریں گے جبکہ نگران وزیرِ اعظم کی آج چین کے صدر شی جن پنگ سے بھی ملاقات ہوگی۔

 نگران وزیرِ اعظم چین کی کمیونسٹ پارٹی کے وزیر برائے بین الاقوامی ڈیپارٹمنٹ (آئی ڈی سی پی سی) سے بھی ملاقات کریں گے اور اس کے بعد نگران وزیرِ اعظم اپنے دورہ ارومچی کیلئے روانہ ہونگے۔

واضح رہے کہ نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ 4 روزہ دورے پر چین میں موجود ہیں، اس موقع پر نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کی روس کے صدر پیوٹن سے ون آن ون ملاقات ہوئی۔

چین کے دورے کے دوران نگران وزیراعظم نے سری لنکا کے صدر رانیل وکرما سنگھے، کینیا کے صدر ڈاکٹر ولیم روٹو، چین کے تھنک ٹینک و اسکالرز اور عالمی رہنماؤں سمیت دیگر سے ملاقاتیں کیں۔

پاک چین دوستی کے ثمرات

پاکستان اور چین ہمیشہ ہر اچھے اور بڑے وقت میں ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے رہے ہیں، پاکستان کی ترقی میں چین نے ہمیشہ اہم کردار ادا کیا ہے۔

11 اکتوبر کو چینی چینل سی جی ٹی این نے پاک چین دوستی پر خصوصی دستاویزی فلم نشر کی، جس میں پاکستان اور چین کے مشترکہ ترقیاتی منصوبوں پر معلومات فراہم کی گئیں۔

فلم میں دکھائے جانے والے منصوبے پاک چین دوستی کے منہ بولتے ثبوت ہیں۔ پاکستان میں ہر شہری ایک سال میں 1.5 کلو چائے پتی استعمال کرتا ہے اور ہمارے ملک میں ضرورت تھی کہ ہم چائے پتی کی پیداوار اپنے ملک میں ہی کریں، چین نے پاکستان میں چائے پتی کی پیداوار کے لیے موزوں زمین کی نشاندہی میں مدد کی۔

پاکستان میں تھری گورجس ساؤتھ ایشین انویسٹمنٹ لمیٹڈ اور سازگار انجینیئرنگ جیسی انڈسٹری بھی پاک چین مشترکہ کامیاب منصوبوں کی بہترین مثال ہے، پاکستان میں چین کی مدد سے 720 میگاواٹ صاف اور گرین بجلی کی پیداوار کی جارہی ہے۔

پاکستان سے ہر سال بےشمار طلبہ و طالبات چین کی جانب سے مہیا کردہ سکالرشپ پروگرام کے تحت اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے چائنہ جاتے ہیں، چین کے تعاون سے پاکستان ایسے ہی ترقی کی راہ پر گامزن رہنے کا عزم رکھتا ہے۔

ترجمان دفترخارجہ کی بریفنگ:

ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے ہفتہ وار بریفنگ میں میڈیا کو بتایا کہ وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے چین میں بی آرآئی منصوبے کےحوالےسے تقریب میں شرکت کی۔ چین اور روس کے صدور سے دوطرفہ ملاقاتیں کیں۔ 

انہوں نے کہا کہ پاکستان کوغزہ کی صورت حال پر شدید تشویش ہے۔ غزہ میں اسپتال پرحملے کی سخت مذمت کرتےہیں۔ پاکستان فوری طور پر اسرائیل سےسیز فائرکامطالبہ کرتاہے۔ 

انہوں نے بتایا کہ سعوی عرب اور پاکستان کےاشتراک سےجدہ میں اسلامی تعاون تنظیم کااجلاس ہوا۔ نگران وزیر خارجہ نےتنازعےکی بنیادی وجہ دوریاستی حل پرعمل درآمد ناہونےکوقرار دیا۔ وزیر خارجہ نےاپنے سعودی، ایرانی، اردن، ترکیہ اور متحدہ عرب امارات کے ہم منصبوں سےملاقاتیں کیں۔ 

ان کا کہنا تھا کہ غزہ کی تشویش ناک صورت حال میں پاکستان امدادی سامان بھیج رہاہے۔ آج شام پاکستان سے ایک سو ٹن امدادی سامان مصر روانہ کیاجائےگا۔ مصر سےیہ سامان ٹرکوں کےذریعے غزہ پہنچایاجائے گا۔ 

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیرمیں بھارت کی جانب سےانسانی حقوق کی خلاف ورزیاں جاری ہیں۔ گزشتہ ہفتے بھارت نےسرینگرجامعہ مسجدکوسیل کیا۔ بھارت سےمذہبی، سیاسی اور سماجی شخصیات کی غیرقانونی گرفتاریوں کوروکنے کامطالبہ کرتےہیں۔