نوجوانوں کو تعلیم سے آراستہ کرکے ہی ترقی ممکن ہے،شہبازشریف 

نوجوانوں کو تعلیم سے آراستہ کرکے ہی ترقی ممکن ہے،شہبازشریف 
کیپشن: Development is possible only by equipping the youth with education, Shahbaz Sharif

ایک نیوز :صدر مسلم لیگ ن شہبازشریف کاکہنا ہے کہ  نوجوانوں کو تعلیم اور ہنر سے آراستہ کر کے ہی پاکستان کو ترقی سے ہمکنار کیا جا سکتا ہے۔

سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف سے  2023 کا گلوبل ٹیچر کا انعام جیتنے سسٹر زیف نے ملاقات  کی۔

صدر مسلم لیگ ن شہبازشریف نے سسٹر زیف کو 2023 کا گلوبل ٹیچر کا انعام جیتنے پر مبارک دی، سسٹر زیف اور ان کے اہل خانہ کو خراج تحسین پیش کیا۔

سابق وزیراعظم شہبازشریف کاکہنا تھا کہ سسٹر زیف نے پاکستان کا نام روشن کیا پوری قوم کو آپ جیسی بیٹی پر فخر ہے۔ پاکستان کی ترقی کا راز تعلیم میں ہے۔ نوجوانوں کو تعلیم اور ہنر سے آراستہ کر کے ہی پاکستان کو ترقی سے ہمکنار کیا جا سکتا ہے۔ بچوں اور بچیوں کی تعلیم، انہیں ہنر مند بنانا نواز شریف کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ہمیشہ سے اولین ترجیح رہی ہے۔ سابق وزیراعظم شہباز شریف نے سسٹر زیف کی شاندار کامیابی پر انہیں خراج تحسین پیش کرنے کے لئے دعوت دی تھی ملاقات میں سکول نہ جانے والے بچوں، فروغ تعلیم اور تدریس کے شعبے کی بہتری کے حوالے سے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔

سسٹر زیف نے شہباز شریف کی تعلیم اور ترقی کے لئے خدمات کو سراہا اور کہا کہ آپ نے فروغ تعلیم کے لئے پنجاب انڈاؤمنٹ فنڈ، دانش سکول، تعلیمی وظائف، ای بکس، آئی ٹی اور لیپ ٹاپ سکیمز کے ذریعے گراں قدر خدمات انجام دی ہیں۔حوصلہ افزائی کرنے پر شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا۔ آپ کی حوصلہ افزائی سے مزید جذبے سے قوم کی خدمت کروں گی۔