عمران خان کی رہائی: پی ٹی آئی قیادت غیرملکی سفیروں کی مدد لینے میں ناکام

عمران خان کی رہائی: پی ٹی آئی قیادت غیرملکی سفیروں کی مدد لینے میں ناکام
کیپشن: Release of Imran Khan: PTI leadership failed to seek help from foreign ambassadors

ایک نیوز: عمران خان کی رہائی کیلئے تحریک انصاف کے قائدین کی مختلف غیر ملکی سفیروں سے ملاقات لاحاصل رہی۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ اس ملاقات میں تحریک انصاف جس بڑی پیشرفت کی توقع کر رہی تھی وہ نہ مل سکی۔

تفصیلات کے مطابق شاہ محمود قریشی نے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے متعلق غیرملکی سفیروں کو آگاہ کیا اورعمران خان کی گرفتاری پر اپنے خدشات سے آگاہ کیا۔ ذرائع کے مطابق متعدد غیرملکی سفیروں نے عمران خان کی گرفتاری کو پاکستان کا اندرونی معاملہ قرار دیا ہے۔

ترجمان تحریک انصاف نے کہا ہے کہ آسٹریلوی ہائی کمشنر کی دعوت پر غیر ملکی سفراء سے ملاقات کی۔ پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان رؤف حسن نے کہا ہے کہ غیر ملکی سفیروں سے ملاقات آسٹریلوی ہائی کمشنر کی جانب سے ناشتے کی دعوت پر ہوئی تھی۔ 

انہوں نے تحریک انصاف کے رہنماؤں کی غیر ملکی سفیروں سے ملاقات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ’آسٹریلوی ہائی کمشنر نے ناشتے کی دعوت دی تھی جس میں تحریک انصاف کی جانب سے شاہ محمود قریشی، سینیٹر علی ظفر اور میں نے شرکت کی‘۔

ترجمان پی ٹی آئی کے مطابق ’ڈیڑھ گھنٹے طویل ملاقات میں پاکستان کی بدلتی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا اس ملاقات میں عمران خان کی گرفتاری اور رہائی سے متعلق بھی تبادلہ خیال کیا گیا تو انہوں نے کہا ’ عمران خان کی گرفتاری اور رہائی کا معاملہ پاکستان کی بدلتی صورتحال کا حصہ ہے۔‘

آسٹریلوی ہائی کمشنر کے گھر پر ہونے والی اس ملاقات میں میزبان کے علاوہ برطانوی ہائی کمشنر، امریکی سفیر، یورپی یونین، کینیڈین، جاپان اور ناروے کے سفیر بھی موجود تھے۔