نگران وزیراعلیٰ کی زیرصدارت کمشنر آفس فیصل آباد میں اعلیٰ سطحی اجلاس

فیصل آباد: نگران وزیراعلیٰ کا ایف آئی سی، چلڈرن ہسپتال کا دورہ
کیپشن: Faisalabad: Caretaker Chief Minister visits FIC, Children's Hospital

ایک نیوز: نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے پولیس لائنزفیصل آبادمیں شرپسندوں کے حملوں سے زخمی ہونیوالے پولیس اہلکاروں سے ملاقات  کی ۔ اہلکاروں کی خیریت دریافت کی اور ان کے بلند حوصلے کو سراہا۔ 

نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت پولیس لائنز اورکمشنر آفس فیصل آباد میں اعلیٰ سطح کے اجلاس ہوا۔ امن وامان کی صورتحال اور9مئی کے دہشت گردی کے واقعات میں ملوث شرپسندوں کے خلاف قانونی کارروائیوں کا جائزہ لیاگیا۔ 

محسن نقوی نے کہا کہ  پنجاب پولیس کے بہادرسپوتوں نے جس تحمل کا مظاہر ہ کیا وہ قابل تحسین ہے۔پولیس کے افسروں اورجوانوں نے فرض شناسی کی عمدہ مثال قائم کی۔قوم کو آپ پر فخر ہے، جنہوں نے سیاسی جتھے کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔ پولیس کے بہادر اور جری جوان اپنے فرائض محنت اور پروفیشنل ازم سے سر انجام دے رہے ہیں۔

محسن نقوی نے مزید کہا کہ تمام شرپسندوں کو جتنی جلدی ہوسکے قانون کی گرفت میں لایا جائے۔ شرپسندوں کے خلاف قانونی کارروائی کو پیشہ ورانہ طریقے سے آگے بڑھایا جائے۔ تمام کیسز کی پروفیشنل اورقانونی لحاظ سے موثر تفتیش کی جائے تاکہ کوئی بھی شرپسند بچ نہ پائے۔ شرپسندوں کے سہولت کاروں اورماسٹر مائنڈکو بھی قانون کے کٹہرے میں لائیں گے۔

نگران وزیر اعلیٰ نے کہا کہ قانون ہاتھ میں لینے والے عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ متعدد شرپسند پکڑے جاچکے ہیں،مزید کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے،کسی کو معافی نہیں ملے گی۔  صوبائی وزراء عامر میر،ڈاکٹرجاویداکرم،صوبائی مشیر وہاب ریاض،انسپکٹر جنرل پولیس،کمشنرفیصل ڈویژن،آرپی اوفیصل آبادسی پی او فیصل آباد اورمتعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

دریں اثناء نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے فیصل آباد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی اور چلڈرن ہسپتال کا دورہ کیا۔ جہاں انہوں نے ادویات کی فراہمی پر اظہار اطمینان جبکہ پارکنگ فیس میں اوور چارجنگ پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔ 

نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے فیصل آبادانسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی اورچلڈرن ہسپتال کا دورہ کیا ہے۔ انہوں نے ہسپتالوں میں فراہم کی جانے والی طبی سہولتوں اور صفائی کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ 

محسن نقوی نے مختلف وارڈز میں مریضوں کی عیادت کی اورعلاج معالجے اور پرائمری انجیوگرافی کی سہولتوں کے بارے میں دریافت کیا۔ محسن نقوی نے مریضوں اور ان کے تیمارداروں سے مفت ادویات کی فراہمی کے بارے میں استفسارکیا۔

نگران وزیراعلیٰ نے مریضوں اور تیمارداروں کا علاج معالجے و پرائمری انجیوگرافی کی سہولتوں اورمفت ادویات کی دستیابی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ بعض مریضوں نے فیصل آباد انسٹی ٹیوٹ کارڈیالوجی میں بیڈزکی کمی کے حوالے سے شکایات کیں۔ جس پر محسن نقوی نے بیڈز کی تعداد جلد بڑھانے کی یقین دہانی بھی کروائی۔

نگران وزیراعلیٰ نے فیصل آباد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے پارکنگ ایریا میں اوورچارجنگ پر برہمی کا اظہارکرتے ہوئے پولیس کو اوورچارجنگ کرنے والوں کے خلاف ایکشن کا حکم دیدیا۔ انہوں نے چلڈرن ہسپتال کی نرسری میں بچوں کی دیکھ بھال کے لئے ایس او پیز پر عمل کرنے کی ہدایت بھی کردی۔

اس موقع پر محسن نقوی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چلڈرن ہسپتال کی انتظارگاہ میں سہولتوں کو بہتر بنایا جائے۔ مریضوں کے رش کے باعث کارڈیالوجی انسٹی ٹیوٹ میں توسیع ناگزیر ہے۔ فرینڈز آف الائیڈ ہسپتال فیصل آبادکے تعاون سے نیا ایمرجنسی بلاک تعمیر کیا جائے گا-  

انہوں نے کہا کہ نئے ایمرجنسی بلاک کی فوری تعمیر شروع کرنے کے لئے اراضی مختص کی جا رہی ہے- صوبائی وزراء ڈاکٹر جاوید اکرم، عامر میر، مشیر وہاب ریاض، معروف صنعتکار گوہر اعجاز، انسپکٹر جنرل پولیس، کمشنر فیصل آباد، آرپی او، سی پی او، ڈپٹی کمشنر، ڈی پی او اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پرموجود تھے۔