مریم اورنگزیب سے برطانوی قائم مقام ہائی کمشنر کی ملاقات، دوطرفہ سفارتی تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال

مریم اورنگزیب سے برطانوی قائم مقام ہائی کمشنر کی ملاقات، دوطرفہ سفارتی تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال
کیپشن: Meeting of British Acting High Commissioner with Maryam Aurangzeb, discussion on promotion of bilateral diplomatic relations

ایک نیوز: برطانوی قائم مقام ہائی کمشنر نے وفاقی وزیراطلاعات سے ملاقات کی ہے۔ جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب سے برطانیہ کے قائم مقام ہائی کمشنر اینڈریو ڈیگلیش نے ملاقات کی ہے۔ جس میں پاکستان اور برطانیہ کا سوشل اور آن لائن میڈیا پر نفرت انگیزی اور دہشت گردی کے رویوں سے متعلق مواد کے خاتمے کے لئے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔ 

ملاقات میں میڈیا کے مختلف شعبوں، ڈیجیٹل میڈیا، میڈیا ٹریننگ اور فلم سازی میں تعاون سمیت دوطرفہ سفارتی تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے ہائی کمشنر کو تاج پوشی پر شاہ چارلس سوئم اور برطانیہ کے عوام کو مبارکباد دی۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف کا حالیہ دورہ برطانیہ اور کنگ چارلس سوئم کی تاج پوشی میں شرکت دونوں ممالک کے درمیان احترام اور اعتماد پر مبنی دوستی کا مظہر ہے۔ پاکستان برطانیہ کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لئے پرعزم ہیں۔ 

انہوں نے مزید کہا کہ فلم اور ڈرامہ کسی بھی ملک کی ثقافت اور مثبت تشخص کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ پاکستان میں صحت، تعلیم، گورننس اور انسانی وسائل کی ترقی میں برطانوی حکومت کا کردار لائق تحسین ہے۔ 

وفاقی وزیر نے کہا کہ صحافیوں کو تربیت کی فراہمی کیلئے برطانیہ کے جدید میڈیا نصاب سے مدد لی جائے گی۔ قائم مقام برطانوی ہائی کمشنر نے پاکستان کی موجودہ حکومت کی معاشی پالیسیوں سمیت اطلاعات کے شعبہ میں ہونے والی ترقی کو سراہا۔ برطانوی ہائی کمشنر نے میڈیا فریڈم انڈیکس میں پاکستان کے 7 درجے بہتر ہونے کو خوش آئند قرار دیا اور وزیر اطلاعات کو مبارکباد دی۔ 

قائم مقام برطانوی ہائی کمشنر نے پاکستان کے اقتصادی بحران کو کم کرنے کے لئے ہر ممکن تعاون کی یقین بھی دہانی کرائی۔ قائم مقام برطانوی ہائی کمشنر نے دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے کے لئے نیک خواہشات اور گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔