ارجنٹائن ویمنز نےچلی کوٹی ٹوئنٹی میں شکست دیدی،کئی ریکارڈبناڈالے

ارجنٹائن ویمنزکرکٹ ٹیم نےچلی کی ٹیم کوشکست دیدی،کئی ریکارڈبناڈالے
کیپشن: Argentina women's cricket team beat Chile team, set many records

ایک نیوز:ارجنٹائن ویمنزکرکٹ ٹیم نےچلی کےخلاف ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ میں شکست دیدی،کئی ریکارڈبناڈالے۔
تفصیلات کےمطابق ان دنوں چلی کی ویمنز کرکٹ ٹیم ارجنٹائن کے دورے پر ہے، جہاں پر جمعہ کو 3 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کی سیریز کے پہلے میچ میں دونوں ٹیمیں بیونس آئرس میں مدمقابل آئیں۔
چلی کی ٹیم نےٹاس جیت کرارجنٹائن کوپہلےبیٹنگ کی دعوت دی، لیکن یہ فیصلہ بد ترین ثابت ہوا کیوں کہ ارجنٹائن کی خواتین کرکٹرز نے چلی بولرز کا بھرکس نکال کر  ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ میں سب سے زیادہ رنز کا ریکارڈ بناڈالا۔
ارجنٹائن ویمنز کرکٹ ٹیم کی بیٹرز نے چلی بولرز کی درگت بنائی اور20 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 427 رنز کا پہاڑ کھڑا کر دیا۔
یہ ویمنز ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کی تاریخ کا سب سے بڑا مجموعی اسکور ہے، اس سے قبل بحرین کی ویمنز ٹیم نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ میں318 رنز بنائے تھے۔ 
چلی کے خلاف میچ میں ارجنٹائن کی ویمنز ٹیم کی دونوں اوپنرز نے سنچریاں اسکور کیں اور پہلی وکٹ پر سب سے بڑی 350 رنز کی ریکارڈ ساز شراکت داری قائم کی۔
ارجنٹائن کی اوپنر البرٹینا گلان نے ناقابل شکست 145 رنز بنائے جبکہ لوسیا ٹیلر نے169 رنز کی ریکارڈ ساز اننگز کھیلی۔ ٹیلر ویمنز کرکٹ کے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں سب سے بڑا انفرادی اسکور کرنے والی بیٹر بھی بنیں۔ا س سے قبل161 رنز سب سے بڑا انفرادی اسکور تھا۔
حیران کن بات یہ ہے کہ ارجنٹائن کی اننگز میں چلی کی ویمنز کرکٹ ٹیم کی جانب سے 64 نوبالز کرائی گئیں، جو کہ تقریباً11 اوورز بنتے ہیں۔
ا س سے حیران کن بات یہ ہے کہ ارجنٹائن کے427 رنز میں ایک چھکا بھی شامل نہیں تھا، ارجنٹائن کی ویمنز ٹیم نے پوری اننگز میں57 چوکے مارے۔
ارجنٹائن کی اننگز میں چلی بولر کونس تانزا سب سے مہنگی بولر ثابت ہوئیں، انہوں نے 4 اوورز میں بغیر کوئی وکٹ لیے92 رنز دیے جبکہ چلی بولر فلو رینسیا مارٹینز نے ایک اوور میں سب سے زیادہ 52 رنز کھائے۔
428 رنز کے ہدف کے تعاقب میں چلی کی ویمنز کرکٹ ٹیم 15 اوورز میں صرف 63 رنز پر آؤٹ ہوگئی ، یوں ارجنٹائن ویمنز کرکٹ ٹیم نے یہ میچ 364 رنز کے ریکارڈ مارجن سے جیت لیا۔ 
ارجنٹائن ویمنز کرکٹ ٹیم کی چلی کے خلاف جیت ویمنز ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ کی تاریخ کی سب سے بڑی جیت ہے۔