کئی برس سے زیر التواء ایک اورمنصوبے پر صرف 10روز میں کام تیز  

کئی برس سے زیر التواء ایک اورمنصوبے پر صرف 10روز میں کام تیز  
کیپشن: Work on another project, which has been pending for many years, is accelerated in just 10 days

ایک نیوز: قربان لائنز میں پولیس کی رہائشگاہوں کی تعمیر اگلے 10روز میں مکمل ہونے کا امکان ہے۔ اس حوالے سے وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے صوبائی وزراء کے ہمراہ رات گئے شدید سردی و دھند میں قربان لائنز کا دورہ کیا۔

وزیراعلیٰ محسن نقوی نے پولیس کیلئے زیرتعمیر اپارٹمنٹس کا معائنہ کیا اور جاری کاموں کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے تعمیراتی سرگرمیوں کا مشاہدہ کیا، کمروں، کچن اور واش رومز دیکھے، ٹائلز کی کوالٹی چیک کی۔ انہوں نے کہا کہ تعمیراتی کاموں کو اعلیٰ معیار کے ساتھ جلد از جلد مکمل کیا جائے۔

انسپکٹر جنرل پولیس اور سیکرٹری تعمیرات و مواصلات نے منصوبے پر ہونے والی پیشرفت میں وزیراعلیٰ محسن نقوی کو بریفنگ دی۔ بریفنگ میں انہیں بتایا گیا کہ قربان لائنز میں پولیس کیلئے 6 منزلہ عمارت میں 24اپارٹمنٹس بنائے جارہے ہیں۔ پہلے 6اپارٹمنٹس اگلے چند روز میں مکمل ہوجائیں گے۔ 

بعد ازاں وزیراعلیٰ محسن نقوی کی زیرصدارت پنجاب سیف سٹی اتھارٹی کے آفس میں اعلیٰ سطح کااجلاس منعقد ہوا۔ جس میں گوجرانوالہ، راولپنڈی، فیصل آباد میں سیف سٹی پراجیکٹس پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ 18شہروں میں سیف سٹی پراجیکٹس کے حوالے سے مختلف امور پر غور کیاگیا۔

وزیراعلیٰ محسن نقوی نے گوجرانوالہ، راولپنڈی اور فیصل آباد میں سیف سٹی پراجیکٹس کے پہلے مرحلے کو 31 جنوری تک فنکشنل کرنے کی ہدایت کردی۔ انہوں نے کہا کہ سیف سٹی پراجیکٹس میں تقریباً 84ارب روپے کی بچت کی ہے۔ حکومت پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے ذریعے جدید ترین کیمرے نصب کررہی ہے۔ 

انسپکٹر جنرل پولیس نے سیف سٹی پراجیکٹس پر ہونے والی پیشرفت کے بارے میں بریفنگ دی۔ 

صوبائی وزراء ایس ایم تنویر، منصور قادر، عامر میر، اظفر علی ناصر،بلال افضل، مشیر وہاب ریاض، انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر عثمان انور، سی سی پی او،ڈی آئی جی ٹیلی کمیونیکیشن،ایڈیشنل آئی جی ڈویلپمنٹ،سیکرٹری تعمیرات و مواصلات،کمشنر لاہورڈویژن اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔