حکومت نے صدر عارف علوی کا استعفا مانگ لیا

حکومت نے صدر عارف علوی کا استعفا مانگ لیا
ایک نیوز نیوز:وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللّٰہ کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد صدر عارف علوی کو مستعفی ہوجانا چاہیے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ الیکشن کمیشن پی ٹی آئی کے ارکان کو ڈی سیٹ کرے اور انہیں نا اہل کرنے کی کارروائی کرے۔
رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ سپریم کورٹ نے آئین کی واضح خلاف ورزی کے الفاظ استعمال کیے ہیں، کابینہ سے مقدمے کی اجازت ملی تو عمران خان کو گرفتار کرلیں گے،نواز شریف بے گناہ ہیں، ان کو سزا غلط دی گئی۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے میں لکھا ہے کہ سابق وزیراعظم، صدر اور ڈپٹی اسپیکر نے آئین کی خلاف ورزی کی۔
رانا ثناءاللّٰہ نے کہا کہ شیخ رشید کو لانگ مارچ کے دوران گرفتار کرنا تھا، وہ نظر ہی نہیں آئے، جب ثابت ہوجائے کہ آئین توڑا گیا، پھر سپریم کورٹ بھی تصدیق کر دے، تو پھر کارروائی بنتی ہے، سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد حکومت اور کابینہ کے پاس کوئی گنجائش نہیں کہ اس معاملے سے پہلو تہی کرے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اب وفاقی حکومت کے پاس کوئی گنجائش نہیں کہ اس معاملے پر ریفرنس بنا کر نہ بھیجے، کل کابینہ میں اس پر غور ہوگا، سابق وزیراعظم، صدر مملکت اور ڈپٹی اسپیکر کے خلاف ریفرنس بنانے کا معاملہ کل کابینہ کے اجلاس میں زیر غور آئےگا۔