معروف ڈائرکٹر اوراداکارتنویرجمال چل بسے

معروف ڈائرکٹر اوراداکارتنویرجمال چل بسے
ایک نیوز نیوز: پاکستان کے معروف اداکاراور ڈائریکٹر تنویر جمال جاپان میں انتقال کر گئے۔
رپورٹ کے مطابق تنویر جمال کینسر کے مرض میں مبتلا تھے۔تنویر جمال کو طبیعت ناساز ہونے کے بعد جاپان کے اسپتال میں زیرعلاج تھے ۔
تنویر جمال 2016 میں پہلی دفعہ کینسر کے مرض کا شکار ہوئے تاہم علاج کے بعد صحتیاب ہوگئے تھے۔تنویر جمال نے 1990 سے قبل ہدایت کار کاظم پاشا کے ڈرامے ’جانگلوس‘ سے کیریئر کا آغاز کیا تھا اور انہیں پہلے ہی ڈرامے سے شہرت ملی۔تنویر جمال پی ٹی وی کے دیگر متعدد مشہور ڈراموں ’جناح سے قائد، سمجھوتا، بابر، انتہا، جنم جلی اور جلتے سورج‘ سمیت 90 کی دہائی کے دیگر مقبول ڈراموں میں بھی کام کیا اور کم وقت میں اپنی منفرد پہچان بنائی۔ تنویر جمال نے بحرین، پیرس، تھائی لینڈ اور جاپان سمیت دیگر ممالک میں ہوٹلنگ اور بزنس اداروں میں ملازمتیں بھی کیں اور انہوں نے جاپانی نژاد لڑکی سے کیریئر شروع ہونے سے قبل ہی شادی کرلی تھی۔
۔تنویر جمال کے بچے اور اہلیہ اس وقت بھی جاپان میں ہی رہتے ہیں اور ان کے بیٹے نے جاپانی نژاد امریکی لڑکی جبکہ بیٹی نے پاکستانی نژاد جاپانی لڑکے سے شادی کر رکھی ہے۔
تنویر جمال نے پرائیویٹ پروڈکشن میں سب سے پہلے ایکشن سے بھرپور میگا ڈرامہ سیریل ’گاڈ فادر‘ کو ڈائریکٹ اور پروڈیوس کرکے اپنا نام بنایا جب کہ یہ ڈرامہ سیریل پاکستان اور جاپان میں ریکارڈ کی گئی۔
انہوں نے ڈراما سیریل‘ اب پیمپر نہیں آئیں گے‘ اور عنقریب ریلیز ہونے والی فلم ’جاپان کنکشن‘ ڈائریکٹ اور پروڈیوس کی ہے۔