پی ٹی آئی کا"بلے"کی بجائے"بلےباز "کے نشان پرالیکشن لڑنےکااعلان

پی ٹی آئی کا
کیپشن: پی ٹی آئی کا بلےکی بجائےبلےباز کے نشان پرالیکشن لڑنےکااعلان

ایک نیوز:پی ٹی آئی کاپلان بی سامنے آگیا،پاکستان تحریک انصاف نے بلےکی بجائے بلے باز کے نشان پر الیکشن لڑنے کااعلان کردیا۔

تفصیلا ت کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے امیدواروں کو پی ٹی آئی نظریاتی کے ٹکٹس جمع کرانے کی ہدایت کر دی۔

پارٹی نے اپنے تمام امیدواران کے لیے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپنے "تحریک انصاف نظریاتی" کے ٹکٹ ریٹرننگ افسران کے دفتر میں جمع کروائیں اور اس کی موصولی لیں۔

ہدایات میں کہا گیا ہے کہ اگر کوئی آپ کا ٹکٹ جمع نہیں کرتا یا جمع کروانے میں پولیس یا آر او رکاوٹ ڈالتے ہیں تو فوری طور پر ڈسٹرکٹ، صوبائی اور سینٹرل الیکشن کمیشن کو شکایت ای میل کریں۔

پارٹی کی جانب سے ہدایات میں مزید کہا گیا ہے کہ اپنی تحریری شکایت بھی ضلعی اور صوبائی الیکشن کمشنر کو جمع کروائیں، پولیس میں درخواست دیں، ہائی کورٹ میں پٹیشن فائل کریں، سوشل میڈیا پر پوسٹ کریں، یہ تمام ثبوت اور درخواستیں پارٹی کو بھی بھیجیں۔

پارٹی کی ہدایت کے مطابق امیدواروں نے پی ٹی آئی نظریاتی کے ٹکٹس جمع کرانا شروع کر دیئے ہیں۔پی ٹی آئی اب بلے کے بجائے بلے باز کے انتخابی نشان پر الیکشن لڑے گی،پی ٹی آئی نے امیدواروں کو ایک ایک بلینک ٹکٹ بھی جاری کیا تھا،پی ٹی آئی کسی صورت آزاد امیدوار کی حیثیت سے انتخابات نہیں لڑے گی،پی ٹی آئی نظریاتی کا انتخابی نشان بلے باز ہے، پی ٹی آئی نظریاتی کے چیئرمین  اختر اقبال ڈار ہیں۔

لوئر دیر : پی ٹی آئی کے امیدواروں نے پی ٹی آئی نظریاتی کے انتخابی نشان بیٹسمین کا ٹکٹ آر اوز آفسز میں جمع کرائے،پی ٹی آئی نظریاتی الیکشن کمیشن کیساتھ سیاسی جماعتوں کی لسٹ میں سیریل نمبر 100 پر رجسٹرڈ ہے۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی نظریاتی کا انتخابی نشان "بلے باز" ہے، تحریک انصاف نظریاتی کے چیئرمین اختر ڈار ہیں، انہوں نے پارٹی اختلافات کے باعث الگ جماعت رجسٹرڈ کرائی تھی۔