ایل پی جی کی قیمت میں ایک بار پھر اضافہ

ایل پی جی کی قیمت میں ایک بار پھر اضافہ
کیپشن: ایل پی جی کی قیمت میں ایک بار پھر اضافہ

ایک نیوز:  ایل پی جی کی قیمتوں میں ایک بار پھر خود ساختہ اضافہ کردیا گیا، 10 روپے اضافے سے فی کلو قیمت 210 روپے تک پہنچ گئی۔

تفصیلات کے مطابق بین الاقوامی مارکیٹ میں ایل پی جی کی قیمت میں 70ڈالر فی میٹرک ٹن اضافہ کے بعد مارکیٹنگ کمپنیوں نے بھی ایل پی جی قیمت میں 10 روپے فی کلو اضافہ کردیا۔

مذکورہ اضافے کے بعد گھریلو سلنڈر کی قیمت میں120 اور کمرشل سلنڈر کی قیمت میں 450 روپے کا اضافہ ہوگیا ہے۔ ایل پی جی کی فی کلو قیمت 201 روپے سے بڑھ کر210روپے پر پہنچ گئی۔ گھریلو سلنڈر کی نئی قیمت 2495روپے ہے کمرشل سلنڈر 9580روپے میں فروخت ہورہا ہے۔

اس حوالے سے ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عرفان کھوکھر کا کہنا ہے کہ دو کمپنیوں کے درمیان تنازع کے باعث ایل پی جی کا جہاز بندرگاہ سے واپس روانہ ہوگیا۔

انہوں نے بتایا کہ کنڑ پساکھی فیلڈ بند ہونے سے 255 ایم ایم سی ایف ڈی گیس کی کمی ہے، ایل پی جی کی مسلسل فراہمی نہ ہونے سے ڈیمانڈ اور قیمتوں میں اضافہ ہوا۔

عرفان کھوکھر کا کہنا ہے کہ ایل پی جی جہاز بغیر ایل پی جی ڈسچارج پورٹ قاسم سے روانہ ہوگیا، 22جون 2023 کو الماہہ نامی جہاز1888.078میٹرک ٹن ایل پی جی لے کر پاکستان پہنچا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ ایل پی جی جہاز الماہہ ایک ماہ 22دن بعد گیس سپلائی دیئے بغیر واپس روانہ ہوا، جہاز کے کھڑے رہنے کی وجہ سے ساڑھے سات ہزار ڈالر یومیہ ڈیمرج کی مد میں ادا کیے گئے۔ مذکورہ جہاز ہفتے کی صبح 4 بجکر 15 منٹ پر 1 لاکھ جرمانہ ادا کرکے واپس گیا۔