بجلی چوروں کیخلاف آپریشن چھٹے روز بھی جاری ، ہزاروں کنکشن منقطع، کروڑوں کا جرمانہ

 بجلی چوروں کیخلاف آپریشن چھٹے روز بھی جاری ، ہزاروں کنکشن منقطع، کروڑوں کا جرمانہ

ایک نیوز: لیسکو ریجن میں بجلی چوروں کیخلاف آپریشن چھٹے روز بھی جاری ہے، بجلی چوروں سے20 کروڑ 17 لاکھ  کی رقم چارج کی گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق لیسکو میں چھٹے روز کے آپریشن کے205کنکشنز بجلی چوری میں ملوث پائے گئے ہیں،تمام بجلی چوروں کے خلاف 105ایف آئی آرز رجسٹرڈ  کر ی گئی ہیں جبکہ1 ملزم کوگرفتار  کر لیا گیا ہے۔ پکڑے جانے والے کنکشنز میں 1زرعی،6کمرشل اور198ڈومیسٹک تھے۔

ترجمان لیسکو کا کہنا ہےکہ تمام کنکشنز منقطع کر کے 1 کروڑ 85 لاکھ 22 ہزارروپے چارج لیے گئے۔قلعہ سادہ سنگھ حجرہ نارتھ میں زرعی کنکشن سے6 لاکھ روپے کی رقم چارج کی گئی،چوہنگ میں کمرشل کنکشن  سے 5 لاکھ 75 ہزار  کی رقم بھی چارج کی گئی۔راجہ جنگ میں ڈائریکٹ سپلائی پر2 لاکھ 38 ہزار روپے کی رقم چارج کی گئی،رائیونڈ روڈ پر ڈائریکٹ سپلائی پر 2 لاکھ روپے کی رقم چارج کی گئی ہے۔

ترجمان لیسکو کا کہنا ہےکہ لیسکو ریجن میں چھے روز کے آپریشن کے دوران کل 1498کنکشن چیک کئے گئے۔ بجلی چوروں سے20 کروڑ 17 لاکھ  کی رقم چارج کی گئی۔چیف ایگزیکٹو انجینئر شاہد حیدر کا کہنا ہےکہ بجلی چور کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔

حافظ آباد: 

حافظ آباد میں بجلی چوروں اورنادہندگان کے خلاف آپریشن جاری ہے، بجلی چوروں کے خلاف مقدمات کی تعداد187تک پہنچ گئی ہے۔مزید 50بجلی چوروں کے خلاف تھانوں میں استغاثہ جات جمع کروادئیے گئے ہیں۔ضلعی انتظامیہ،واپڈا،اور پولیس کی ٹیمیں ضلع اور تحصیل کی سطح پر بجلی چوروں اورنادہندگان کے خلاف کاروائیو ں میں مصروف ہیں اور دونوں تحصیلوں میں روزانہ کی بنیاد پر چھاپہ مار کار وائیاں کی جارہی ہیں۔ ابھی تک ڈائریکٹ بجلی چوری کرنے والے افراد کے خلاف ہی زیادہ کاروائی ہوئی ہے اب جدید طریقہ سے میٹر آہستہ کرکے بجلی چوری کرنے والوں کی بھی شامت آگئی ہے۔

آہستہ کئے گئے میٹر رپورٹ کے لئے لیبارٹری کو بھجوائے گئے ہیں جیسے جیسے رپورٹ آئے گی درجنوں کے حساب سے ان جدید بجلی چوروں کے خلاف مقدمات درج ہونے کے علاوہ بھاری جرمانہ بھی عائد کیا جائے گا۔

جہانیاں :

جہانیاں میں واپڈا کا بجلی چوروں کے خلاف کارروائی کا سلسلہ جاری ہے،جہانیاں میں با اثر   بجلی چوروں کولاکھوں روپے جرمانہ کرکے مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔ ایس ڈی او اپڈا کا کہناہےکہ بجلی چوروں کے خلاف 60ہزار روپےسے 5لاکھ روپے تک جرمانہ کیا گیا ۔جہانیاں میں متعدد بجلی چوروں کے خلاف چھاپوں کا سلسہ جاری ہے،مہنگی بجلی ہونے کی وجہ سے بہت سے صارفین  ڈائریکٹ کنڈیاں لگا کر بجلی استعمال کر رہے ہیں ۔

 ایس ڈی او واپڈا  کا کہنا ہےکہ بجلی چوروں کے خلاف بھاری جرمانے اور مقدمات درج کروائے جارہے ہیں ۔ بجلی چوری میں ملوث کسی بھی افراد کو رعایت نہیں دی جائے گی ۔

بھکر:

بھکر میں بجلی چوروں کے خلاف گرینڈ اپریشن  میں 326 مقدمات درج  کر لیے گئے ہیں۔ڈی پی او بھکر کا کہنا ہےکہ 302 ملزمان کو گرفتار ، چالان کر کے جیل بھجوا دیا گیا  ہے۔عادی بجلی چوروں کے خلاف فیسکو نے 34 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا  ہے۔ بجلی چوروں کے خلاف مقدمات ضلع کے 12 تھانوں میں درج کیے گئے ہیں۔

چشتیاں: 

چشتیاں میں بھی بجلی چوری کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ واپڈا ایکسیئن کی نگرانی میں 5 رکنی ٹیم نےبجلی چوروں کے خلاف گھیرا تنگ کر دیا ہے۔میپکو نے غلہ منڈی میں بجلی چوروں کے خلاف کاروائی کرتے ہوئےآڑھتی کے گھر پر چھاپہ مارا، نامور آھتی بجلی چور نکلا۔

ایکسین واپڈا کا کہنا ہےکہ ملزم ڈریکٹ تاریں لگا کر بجلی چوری کر رہا تھا،ملزم نے مختلف دوکانداروں کو بھی بجلی کی سپلائی دی ہوئی تھی۔میپکو کے اہلکاروں نے کاروائی کرتے ہوئے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کروا دیا ہے، دلاور نامی ملزم فرار ہو گیا جبکہ میپکو نے میٹر اور تاریں قبضہ میں لے لیں۔بجلی چوری میں ملوث ملزم کو  ڈیڑھ لاکھ کا جرمانہ کیا گیا ہے۔

ایکسین واپڈا  کا کہنا ہے کہ بجلی چوروں کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر کاروائیاں جاری رہیں گی۔