نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا جسٹس (ر) ارشد حسین شاہ نےحلف اٹھالیا

نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا جسٹس (ر) ارشد حسین شاہ نےحلف اٹھالیا
کیپشن: Caretaker Chief Minister Khyber Pakhtunkhwa Justice (R) Arshad Hussain Shah took oath

ایک نیوز: نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا جسٹس ریٹائرڈ ارشد حسین شاہ  نے عہدے کا حلف اٹھالیا۔گورنر خیبرپختونخواحاجی غلام علی نے نئے وزیراعلیٰ سے حلف لیا۔

حلف برداری کی تقریب گورنر ہاؤس پشاور میں ہوئی جہاں گورنر خیپرپختونخوا  غلام علی نے  جسٹس ریٹائرڈ ارشد حسین شاہ سے حلف لیا۔

تقریب میں چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ،  آئی جی پی، ایڈووکیٹ جنرل، سابق صوبائی وزرا اور  سیاسی و سماجی شخصیات شریک ہوئیں۔

تفصیلات کےمطابق نگران وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا اعظم خان کے انتقال کے بعد پیدا ہونے والے سیاسی بحران کے حل اور نئے وزیراعلیٰ کی تقرری پر مشاورت کے لیے سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان اور سابق اپوزیشن لیڈراکرم درانی  کی نئے نگران وزیراعلیٰ کی نامزدگی کیلئے مشاورت  ہوئی۔ جس میں نئے نگران وزیراعلیٰ کیلئے جسٹس ریٹائرڈ ارشد حسین شاہ کے نام پر اتفاق   ہوا۔ 
 سابق وزیراعلیٰ محمود خان اور سابق اپوزیشن لیڈراکرم درانی نے نئے نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کیلئے جسٹس ریٹائرڈ ارشد حسین شاہ کی سمری گورنر کوارسال کی جس کی گورنرنےمنظوری دیدی۔
 جسٹس ریٹائرڈ ارشد حسین شاہ کا تعلق ہزارہ ڈویژن سے ہے، پشاورہائیکورٹ میں جج،جسٹس ریٹائرڈ ارشد حسین گلگت بلتستان کے چیف جسٹس بھی رہ چکے ہیں۔

نگران وزیراعلیٰ کی تقرری کیلئے سمری گورنر خیبرپختونخوا کو ارسال کی گئی تھی،گورنر  غلام علی نے نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی سمری پر دستخط کردیئے،جسٹس(ر)ارشد حسین شاہ نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا بن گئے۔

گزشتہ روز نگران وزیراعلیٰ اعظم خان دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے تھے جن کی نماز جنازہ چار سدہ میں ان کے آبائی علاقے میں ادا کی گئی تھی۔
اعظم خان کے انتقال کے بعد ایڈووکیٹ جنرل خیبرپختونخوا نے گورنر خیبر پختونخوا غلام علی کو خط لکھ کر قانونی رائے پیش کی تھی۔
خط میں کہا گیا تھا کہ نگران وزیراعلیٰ کی وفات پر نگران وزیر اعلیٰ کے عہدے پر آئین خاموش ہے، ایسی صورتحال میں آرٹیکل 224 پر عمل درآمد کرنے کا مشورہ دیتا ہوں، نئے نگران وزیراعلیٰ کی تقرری کیلئے سابق وزیر اعلیٰ اور اپوزیشن لیڈر کو مدعو کیا جائے اور نئے نگران وزیر اعلیٰ کی تقرری کا عمل 3 دن کے اندر مکمل کیا جائے۔

گورنر حاجی غلام علی کی میڈیاٹاک

پشاور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے گورنر حاجی غلام علی کا کہنا تھا کہ آئین کے تحت نئےنگراں وزیراعلیٰ کو نامزدکیا، اکرم درانی اور محمود خان نے اس نام پر اتفاق کیا ہے، اور نگراں وزیراعلیٰ کے پی کے نام کی سمری گورنرہاؤس موصول ہوگئی ہے۔