وزیراعلیٰ پنجاب کا دورہ پی آئی سی، ناقص انتظامات پر اظہار برہمی

وزیراعلیٰ پنجاب کا دورہ پی آئی سی، ناقص انتظامات پر اظہار برہمی
کیپشن: Chief Minister Punjab visited PIC, expressed anger over poor arrangements

ایک نیوز: وزیراعلی پنجاب محسن نقوی نے پی آئی سی کی نئی ایمرجنسی کا دورہ کیا ہے۔ انہوں نے دورے کے دوران نئی ایمرجنسی میں صفائی کے ناقص انتظامات اور ٹائلز وکاؤنٹرزپر مٹی،داغ و دھبے دیکھ کر ناراضگی کا اظہار کیا۔ 

وزیراعلی محسن نقوی نے کنٹریکٹر،محکمہ تعمیرات ومواصلات کے حکام اور ایم ایس کو فوری طلب کر لیا۔ انہوں نے صفائی کے ناقص انتظامات اور ٹائلز پر مٹی کے نشانات دکھائے اور صفائی کی صورتحال پر برہمی کا اظہار کیا۔

وزیراعلیٰ نے ایم ایس کو مخاطب کرکے کہا کہ ایم ایس صاحب صفائی کی صورتحال اتنی خراب کیوں ہے؟ نئی ایمرجنسی میں صفائی انتظامات کسی طور پر بھی تسلی بخش نہیں۔ انہوں نے فوری طور پر کمشنر کو بھی بلا لیا اور صفائی کے انتظامات کو بہتر بنانے کی ہدایت کی۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ صفائی انتظامات کو فی الفور بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ نئی ایمرجنسی میں صفائی کی یہ صورتحال کسی صورت قابل برداشت نہیں۔

وزیراعلی محسن نقوی نے وہیل چیئر پر مریض کی خیریت دریافت کی اور علاج معالجے کی سہولتوں کے بارے میں دریافت کیا۔ وزیراعلی محسن نقوی نے فرش پر گری ہوئی فائل اٹھا کر وہیل چیئر پر موجود مریض کو دی،مریض نے وزیراعلی محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا۔

وزیراعلی محسن نقوی کا گجرات کی رہائشی خاتون کی جانب سے انجیوگرافی کیلئے وقت دینے میں تاخیر کی شکایت کافوری نوٹس لیتے ہوئے جلد انجیو گرافی کرنے کا حکم دیا اور موقع پر ہی ایم ایس کو احکامات جاری کئے۔ اس موقع پر سیکرٹری صحت اور متعلقہ حکام بھی ہمراہ تھے۔