نگران وزیرا علیٰ خیبرپختونخوا اعظم خان کی نمازجنازہ ادا،سپردخاک کردیا گیا

نگران وزیرا علیٰ خیبرپختونخوا اعظم خان کی نمازجنازہ ادا،سپردخاک کردیا گیا
کیپشن: Caretaker Minister Ali Khyber Pakhtunkhwa Azam Khan's funeral prayers were performed and he was laid to rest

ایک نیوز:سابق صوبائی وزیر اعلیٰ محمد اعظم خان کی نماز جنازہ آبائی قبرستان چارسدہ میں ادا،سپردخاک کردیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق نماز جنازہ میں وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی، سابق وزیر داخلہ آفتاب احمد خان شیر پاؤ،آئی جی خیبر پختونخواہ اختر حیات خان اور آئی جی ایف سی معظم جان انصاری نے بھی شرکت کی۔خیبر پختونخواہ کے نگران وزراء اور مختلف محکموں کے سیکرٹریز نے بھی نماز جنازہ میں شرکت کی۔نماز جنازہ کے موقع پر سیکورٹی کی سخت ترین انتظامات کئے گئے تھے۔نماز جنازہ میں مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنما اور عمائدین علاقہ کی بڑی تعداد موجود تھی۔

تفصیلات کے مطابق ہسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ اعظم خان کو گزشتہ طبیعت خراب ہونے پر نجی اسپتال میں لایا گیا تھا جہاں وہ انتقال کر گئے۔

نجی ہسپتال کی جانب سے نگران وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے انتقال کی تصدیق کی جا چکی ہے۔

ہسپتال ذرائع کا بتانا ہے کہ اعظم خان کی دو روز قبل حالت غیر ہوئی تھی جس پر انہیں ہسپتال منتقل کیا گیا تھا تاہم ان کے اہل خانہ اور وزیراعلیٰ سیکٹریٹ نے اس بات کی تصدیق نہیں کی گئی ہے۔

اس کے حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز اعظم خان نے نگران صوبائی کابینہ کا اجلاس بھی طلب کیا تھا تاہم وہ طبیعت خرابی کے باعث اس میں شرکت نہیں کرسکے تھے۔

اعظم خان دل کے عارضے میں مبتلا تھے اور حالت بگڑنے پر انہیں پشاور کے نامور نجی اسپتال منتقل کیا گیا تھا تاہم وہ جان بر نہ رہے سکے، مختلف ذرائع نے بھی ان کے انتقال کی تصدیق کردی ہے۔

حالات زندگی

محمد اعظم خان خیبرپختونخوا کے شہر چارسدہ کے ایک گاؤں پڑانگ میں پیدا ہوئے۔ انھوں نے پشاور یونیورسٹی سے قانون کی ڈگری حاصل کی ۔ اس کے علاوہ محمد اعظم خان نے لنکنز ان کالج لندن سے بار ایٹ لاء پاس کیا ہے۔ انھوں نے سول سروس کا امتحان پاس کرنے کے بعد ڈسٹرکٹ مینجمنٹ گروپ میں شمولیت اختیار کی اور بعدازاں چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا کے عہدے سے ریٹائر ہوئے۔

وہ اس سے قبل 24 اکتوبر 2007 سے یکم اپریل 2008 تک صوبائی وزیر خزانہ بھی رہے۔ وہ اسلام آباد میں وزارت پیٹرولیم اور قدرتی وسائل کے سیکریٹری اور ستمبر 1990 سے جولائی 1993 تک خیبرپختونخوا کے چیف سیکریٹری بھی رہے۔

نگران وزیرِاعظم انوار الحق کاکڑ

نگران وزیرِاعظم انوار الحق کاکڑ نے نگران وزیرِاعلی خیبر پختونخوا کے انتقال پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا۔ انہوں نے مرحوم کیلئے بلندی درجات اور سوگواران کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔
انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ اعظم خان نے تمام عمر عوام کی بطور ایک فرض شناس اور قابل افسر خدمت کی، اعظم خان کا بطور سرکاری افسر کردار تمام سول سرونٹس کیلئے مشعل راہ رہے گا، بطور نگران وزیرِ اعلی خیبر پختونخوا مشکل وقت میں صوبے کے انتظامی امور کو احسن طریقے سے انجام دیا، اعظم خان نے صوبے میں امن و امان اور اسمگلنگ کی روک تھام کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے۔

وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی

نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے نگران وزیراعلی خیبرپختونخوا اعظم خان کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور مرحوم کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ نگران وزیراعلی خیبرپختونخوا اعظم خان کے انتقال پر دلی دکھ ہوا ہے، مرحوم کی وطن اور خیبرپختونخوا کے لئے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، اللہ تعالی غمزدہ خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے اور مرحوم کے درجات بلند فرمائے (آمین)۔

نگران وزیراعلیٰ سندھ مقبول باقر

نگراں وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر نے نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد اعظم خان کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور کہا کہ مرحوم کی مغفرت اور بلند درجات کے لیے دعا کرتے ہیں۔

گورنر پنجاب بلیغ الرحمان

گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا اعظم خان کے انتقال پر اظہار افسوس کیا اور کہا کہ اعظم خان کے اچانک انتقال پر دلی صدمہ ہوا، مرحوم نے بطور نگران وزیراعلی خیبر پختونخوا اور سابق بیوروکریٹ کے طور پر ملک کے لیے نمایاں خدمات سرانجام دیں، اللہ تعالی مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں جگہ دے اور سوگوار خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

شہباز شریف

مسلم لیگ ن کے رہنما و سابق وزیراعظم شہباز شریف نے نگران وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا اعظم خان کے انتقال پر اظہار افسوس اور تعزیت کیا۔ انہوں نے کہا کہ اعظم خان نے بطور سول سرونٹ ایمانداری اور پروفیشنل ازم خدمات انجام دیں۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اعظم خان ایک ایسے خاندان سے تعلق رکھتے تھے جن کے کئی افراد نے ملک وقوم کی بڑے خلوص سے خدمت کی، 16 ماہ کی مخلوط حکومت کے دوران ان کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا، ان کا جذبہ خدمت دیکھ کر بہت متاثر ہوا، سیلاب متاثرین کی مدد کی مہم کے دوران اعظم خان نے نہایت جانفشانی اور اخلاص سے کام کیا۔

لیگی رہنما نے کہا کہ اعظم خان کم گو لیکن نہایت ذہین اور بیدار ذہن شخص تھے، ملک وقوم کے لئے ان کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت فرمائے ، اہل خانہ اور تمام وابستگان کو صبر جمیل دے۔ آمین۔

فردوس عاشق اعوان

مركزی سیكرٹری اطلاعات استحكام پاكستان پارٹی ڈاكٹر فردوس عاشق اعوان نے نگران وزیراعلیٰ كے پی كے انتقال پر اظہار افسوس کیا اور کہا کہ اعظم خان كی اچانک موت سن كر دلی صدمہ پہنچا، اعظم خان مرحوم کی وطن اور خیبرپختونخوا کے لئے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، اللہ پاک مرحوم كے درجات بلند كرے اور لواحقین كو صبر جمیل عطا فرمائے۔