پاکستان اور چین کا ایم ایل ون منصوبے پر عملدرآمد تیز کرنے پر اتفاق

پاکستان اور چین کا ایم ایل ون منصوبے پر عملدرآمد تیز کرنے پر اتفاق
کیپشن: Pakistan and China agree to speed up implementation of ML1 project

ایک نیوز : پاکستان اور چین نے ایم ایل۔ون اور خصوصی اقتصادی زونزکے نفاذ پر عملدرآمد کو تیز کرنے پر اتفاق کیا ہے تاکہ منصوبوں کو بروقت مکمل کیا جا سکے۔

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ،ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال اور چیئرمین نیشنل ڈویلپمنٹ اینڈ ریفارم کمیشن (این ڈی آر سی) زینگ شانجی کے درمیان بیجنگ میں ہونے والی ملاقات کے دوران اتفاق کیا گیا۔

واضح رہے کہ وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال سی پیک کی 10 سالہ تقریبات کے سلسلے میں چین کے چار روزہ سرکاری دورے پر ہیں۔ اپنے دورے میں قومی ترقی اور اصلاحاتی کمیشن کے وائس چیئرمین کے ساتھ خصوصی مشترکہ تعاون کمیٹی (جی سی سی) کے اجلاس کی مشترکہ صدارت کے علاوہ اہم چینی حکام کے ساتھ ملاقاتیں بھی کیں۔

چیئرمین این ڈی آر سی ژینگ شانجی سے ون ٹو ون ملاقات کے دوران وفاقی وزیر منصوبہ بندی نے وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے چیئرمین ژینگ کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور انہیں سی پیک منصوبوں پر عملدرآمد میں مکمل تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔

اس موقع پر وفاقی وزیر منصوبہ بندی کی تجویز پر چیئرمین این ڈی آر سی نے پاکستان کی برآمدات کو بڑھانے اور خصوصی اقتصادی زونز کی ترقی کو تیز کرنے کے لئے چینی مہارت کی بھی پیشکش کی۔

دونوں فریقوں نے سی پیک کے فریم ورک کے تحت جاری تعاون کا جائزہ لینے کے لئے مشترکہ ورکنگ گروپس کے باقاعدہ اجلاس منعقد کرنے اور اگلے مرحلے کے لئے تمام منصوبوں کی عملدرآمد کو یقینی بنانے کا فیصلہ بھی کیا جس کا دائرہ کار بہت وسیع ہے جن میں صنعت کاری، زراعت، سائنس و ٹیکنالوجی اور سماجی شعبے پر زیادہ توجہ مرکوز کرتا ہے۔

یاد رہے کہ اپریل 2022 میں حکومت کے اقتدار میں آنے کے بعد سے، موجودہ حکومت نے شہباز شریف کی سربراہی میں سی پیک منصوبوں کو بحال کیا گیا ہے جو پچھلی حکومت نے روک دے تھے۔