کابینہ نےپی ٹی آئی پرپابندی کی تجویزمسترد کردی

 کابینہ نےپی ٹی آئی پرپابندی کی تجویزمسترد کردی،اندرونی کہانی
کیپشن: Cabinet rejects proposal to ban PTI, Inside Story

ایک نیوز :وفاقی کابینہ کی اکثریت نے پی ٹی آئی پر پابندی کی تجویزکو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پابندی مسئلے کا حل نہیں، خانہ جنگی اورعوام کو فوج سے لڑانے کی سازش ناکام بنانا ہوگی ۔
وزیراعظم شہبازشریف کی زیرِ صدارت وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس ہوا۔ اجلاس میں ملک کی موجودہ صورتحال پرغور کیا گیا۔ عمران خان کی گرفتاری کے بعد کی صورتحال پر کابینہ ارکان نے تشویش کا اظہار کیا۔ پرتشددواقعات میں ملوث افرادکیخلاف انسداددہشتگردی ایکٹ کےتحت مقدمات درج کرنےکی سفارش کی گئی۔

 اجلاس میں پی ٹی آئی کے خلاف اقدامات سے متعلق قانونی آپشنز پرغورکیا گیا ۔ شرکاء کو وزارت داخلہ کی جانب سے امن وامان کی مجموعی صورتحال پربریفنگ دی دی گئی۔ کابینہ کو ملک بھرمیں پر تشدد کارروائیوں کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔

اجلاس کی اندورنی کہانی کے مطابق کابینہ ارکان نے کہا کہ امن و امان کے قیام کےلیے تمام تر اقدامات اٹھائے جائیں،ارکان نے کارکنوں کو اکسانے اور شرپسندی میں ملوث عناصرکیخلاف سخت کارروائی کی سفارش کی۔

ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم نے عمران خان کی گرفتاری پر 9 مئی کے پرتشدد واقعات پر اظہار برہمی کرتے ہوئے استفسارکیا کہ فوجی اور سرکاری املاک کی سکیورٹی کیوں یقینی نہیں بنائی گئی،پرتشدد کارکنوں کو سرکاری املاک کی طرف جانےسےروکا نہ جانا افسوسناک ہے،وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی ذمہ داری تھی کہ وہ ان واقعات کو روکتیں ۔

وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ سے بھی سوالات کئے ۔

وزیر داخلہ نے کہاکہ کسی بھی خون خرابے سے بچنے کیلئے صبرو تحمل کا مظاہرہ کیا گیا،ایسے واقعات میں ملوث عناصر کی گرفتاریاں جاری ہیں۔

وزیر اعظم شہبازشریف نے ہدایت کی کہ جہاں جہاں حالات خراب ہیں وہاں قانون نافذ کرنے والے اہل کاروں کی نفری بڑھائی جائے۔

 وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا تھا کہ کسی کو قانون ہاتھ میں نہیں لینےدیں گے، خود کو پرامن جماعت کہنے والے مکمل بے نقاب ہوگئے ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ روزپی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی گرفتاری پر پارٹی کارکن ملک بھر میں سڑکوں پر نکل آئے،مشتعل کارکن ملک بھر میں جاری ہنگامہ آرائی کے دوران متعدد سرکاری اور نجی املاک کو تباہ کرچکے ہیں، اور پولیس کیساتھ جھڑپوں میں متعدد افراد ہلاک و زخمی اور رگرفتار ہوچکے ہیں ۔