مینڈیٹ عوام کے پاس ہے،دھمکیوں پرخاموش نہیں رہیں گے،فضل الرحمان

مینڈیٹ عوام کے پاس ہے،دھمکیوں پرخاموش نہیں رہیں گے،فضل الرحمان
کیپشن: مینڈیٹ عوام کے پاس ہے،دھمکیوں پرخاموش نہیں رہیں گے،فضل الرحمان

ایک نیوز:جمعیت علما اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کاکہنا ہے کہ مینڈیٹ عوام کے پاس ہے،دھمکیوں پرخاموش نہیں رہیں گے۔
پشاور میں جے یو آئی کے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کاکہنا تھا کہ ہمیں ’دھاندلی‘ کے خلاف تحریک روکنے اور اس کے عوض پیش کش کی جارہی ہے۔ قبائلی علاقوں میں جب آپریشن شروع کیا گیا تو میں نے سب سے پہلے مخالفت کی تھی، اگر آپریشن کامیاب ہوا تو پھر دہشت گرد اور عوام غیر محفوظ کیوں ہیں۔
فضل الرحمان نے کہا کہ اب سیکورٹی فورسز کو قبائلی علاقوں سے چلے جانا چاہیے اور آپریشن کے نام پر ہم سے مزید خیرخواہی نہ دکھائی جائے، میرا یہ گناہ ہے کہ میں نے قبائلی علاقوں میں آپریشن کی مخالفت کی اور آج بھی اُسی نقطہ نظر پر قائم ہوں۔
جے یو آئی سربراہ نے کہا کہ جب فاٹا انضمام کا فیصلہ ہوا تو میں نے دلائل سے اسے غلط ثابت کیا، پھر مخالفت کرنے پر ایک امریکی افسر میرے گھر آیا اور اُس نے وجہ پوچھی، میرا گناہ یہ تھا کہ قبائلی انضمام کی مخالفت کی میں تمھارے آقائوں کا فیصلہ نہیں مانا، آج پوچھنا چاہتا ہوں کہ فاٹا کے عوام کہاں کھڑے ہیں۔