سانحہ9مئی کے مناظردیکھ کر دل خون کے آنسوروتا ہے،مریم نواز 

سانحہ9مئی کے مناظردیکھ کر دل خون کے آنسوروتا ہے،مریم نواز 
کیپشن: سانحہ9مئی کے مناظردیکھ کر دل خون کے آنسوروتا ہے،مریم نواز 

ایک نیوز:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کاکہنا ہے کہ سانحہ 9مئی کے مناظر دیکھ کر دل خون کے آنسو روتا ہے۔

سانحہ9مئی پر جناح ہاؤس میں شہداء کے لواحقین کے اعزاز میں خصوصی تقریب کاانعقاد کیاگیا۔وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز  نے تقریب میں خصوصی شرکت کی ،شہدا کے لواحقین کو گلے لگایا اور شہدا کی یاد میں  شمعیں روشن کیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ  9مئی کو جب ریاست پر حملہ ہوا وہ دن پاکستان کی تاریخ کا سیاہ ترین دن تھا۔جناح ہاؤس کو جس طرح راکھ کا ڈھیر بنایا گیایہ کوئی محب وطن نہیں کر سکتا۔کسی سیاسی جماعت کے اس طرح حملہ کرنے کی پاکستان میں کوئی مثال نہیں ملتی۔ 9مئی کو شہدا کی یادگاروں اور فوجی تنصیبات پر حملے کرنیوالوں کو سخت سے سخت سزائیں ملنی چاہئیں۔9مئی کی باقاعدہ منظم طریقے سے منصوبہ بندی کی گئی۔

مریم نواز کاکہنا تھا کہ تعجب ہوتا ہے پی ٹی آئی والے کس ڈھٹائی سے 9مئی کے واقعات سے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہیں۔ 9مئی کے کرداروں کو سزا کیوں نہیں ملتی۔ پی ٹی آئی ایک دہشت گرد جماعت ہے،ان سے کوئی بات نہیں ہوسکتی۔ 9مئی کو حملہ کرنیوالوں سے پوچھنا چاہتی ہوں کہ انہیں اس پر کبھی ندامت محسوس نہیں ہوئی۔پی ٹی آئی والوں نے جو بویا تھا آج وہ ہی کاٹ رہے ہیں۔اللہ تعالیٰ شہدا کے ورثا اور لواحقین کو صبر عطا فرمائے۔

قبل ازیں وزیراعلیٰ مریم نواز نےجناح ہاؤس  میں جناح گیلری کا دورہ  کیا۔
ڈائریکٹر جناح گیلری بریگیڈیئر ریٹائرڈ ڈاکٹر عدنان سلیم  نے وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کو جناح گیلری کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔

بریفنگ میں بتایاگیا کہ  9مئی کے بعد قائد اعظم کی یادگار اور ان سے وابستہ نوادرات کو محفوظ کرنے کیلئے جناح گیلری قائم کی گئی۔جناح گیلری میں قیام پاکستان سے قبل،جدوجہد پاکستان اورحیات قائد اعظم کے مختلف ادوار کی تصویری اور تحریری عکاسی کی گئی۔جناح گیلری تخریبی قوتوں کے مد مقابل تاریخ کو محفوظ کرنے کی مثبت کاوش ہے۔جناح ہاؤس کی شاندار عمارت قائداعظم محمد علی جناح نے 1943میں خریدی۔9مئی کو شرپسندوں نے قائداعظم کے زیر استعمال نایاب اشیاء کو نذر آتش کیا اورعمارت کو نقصان پہنچایا۔جناح ہاؤس کا قیام مسلح افواج کی قائداعظم سے والہانہ عقیدت کا مظہر ہے۔مسلح افواج پاکستانی قوم کی حمایت سے چوکس اورثابت قدم رہنے کا عہد کرتی ہے۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز نے جناح گیلری کی لائبریری کا بھی دورہ کیا،جناح گیلری میں قائداعظم کا پاسپورٹ اوردیگر دستاویزات بھی دیکھیں ۔مہمانوں کی کتاب میں تاثرات درج کئے۔
 وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کا جناح ہاؤس کا دورہ کیااوربکھری ہوئی کرچیوں کو دیکھ کر اظہار تاسف  کیا،جناح ہاؤس کی دیواروں پر شرپسندوں کی بداعمالی کے کالک دیکھ کر دکھ کا اظہار کیا۔
وزیراعلیٰ مریم نوازشریف سے کیپٹن سلمان سرور شہید،قاضی جواد اکرم شہید،کیپٹن ضرغام فرید شہید،لفیٹننٹ سلمان کے والدین کی ملاقات،شہداء کی والدہ کو گلے لگا لیا۔
وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے غازی کرنل رضا زیدی سے بھی بات چیت کی ۔
جناح ہاؤس میں موجود نوجوانوں کے پاکستان زندہ باد،قائداعظم زندہ باد اورپاک فوج زندہ باد کے نعرے۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کو جناح ہاؤس کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے شہداء کی یاد میں شمع روشن کی اور احتراماً خاموشی اختیار کی 

سینیٹر پرویز رشید، سینئر منسٹر مریم اورنگزیب، صوبائی وزیر اطلاعات عظمی زاہد بخاری،چیف سیکرٹری،سی سی پی او اور دیگر بھی موجود تھے۔