شمالی وزیرستان، دتہ خیل میں تلاشی آپریشن کے دوران مزید3دہشتگرد ہلاک 

شمالی وزیرستان،دتہ خیل میں تلاشی آپریشن،مزید3دہشتگرد ہلاک 
کیپشن: Search operation in Dutta Khel, North Waziristan, 3 more terrorists killed

ایک نیوز :  شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں تلاشی آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں مزید3دہشت گرد مارے گئے۔مجموعی طورپر تعداد 9ہوگئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز سے فائرنگ کے تبادلے میں دہشت گرد مارے گئے ۔دہشت گردوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ گولہ بارود برآمد  ہوا۔

 آئی ایس پی آر نے بتایا کہ شمالی وزیرستان کے شہریوں نے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر پاک فوج کے اقدام کو سراہا اور علاقے سے دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کے لیے مکمل تعاون کا اظہار کیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کارروائی کی جس نتیجے میں 6 دہشت گرد مارے گئے تھے ۔ ہلاک دہشت گرد سیکیورٹی فوسز اور شہریوں پر دہشت گردی کی کارروائیوں میں سرگرم تھے۔

 یاد رہے کہ سکیورٹی فورسز نے اس سے قبل 4 مارچ کو بھی شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کی تھی اور اس کارروائی میں ایک دہشت گرد ہلاک ہوا تھا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا تھا کہ خفیہ اطلاع کی بنیاد پر ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں کارروائی کی گئی اور دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں ایک دہشت گرد مارا گیا۔

خیال رہے کہ 27 فروری کو شمالی وزیرستان کے علاقے اسپن وام میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشت گرد ہلاک جبکہ پاک فوج کے 2 جوان شہید ہو گئے تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا، دہشت گرد سیکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں اور معصوم شہریوں کے قتل میں ملوث تھے۔

اس سے قبل 22 فروری کو بھی شمالی وزیرستان کے علاقے اسپن وام میں سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کی تھی جہاں دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ ہوا تھا اور اس کے نتیجے میں ایک دہشت گرد ہلاک ہوا تھا۔

ضلع شمالی وزیرستان میں 14 فروری کو محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کی ٹیم نے خود پر حملہ ناکام بناتے ہوئے کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے 4 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا تھا۔