دہشتگردی میں جاں بحق چینی اساتذہ کیلئے ’تمغہ پاکستان‘ کا اعلان

دہشتگردی میں جاں بحق چینی اساتذہ کیلئے ’تمغہ پاکستان‘ کا اعلان
عمر جاوید: حکومت پاکستان کی طرف سے دہشت گردی سے جاں بحق ہونے والے چینی باشندوں کو بعد از وفات ’تمغہ پاکستان‘ کے اعزاز سے نوازا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف کی ایڈوائس پر صدر ڈاکٹر عارف علوی نے چینی باشندوں کو بعد از وفات اعزاز دینے کی منظوری دی ۔
یادرہے یہ چینی اساتذہ 26 اپریل 2022 کو کراچی میں دہشت گردی کا نشانہ بنے تھے اور جامعہ کراچی کے داخلی دروازے پر خودکش دھماکے میں جاں بحق ہوئے تھے ۔
کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ کراچی کے ڈائریکٹر ہوآنگ گیوپھنگ، محترمہ دِنگ موفانگ اور محترمہ چِن سائی کو بعد از مرگ یہ اعزاز دیاگیا ہے ۔ ان چینی باشندوں کو چین پاکستان دوستی کے لئے عظیم خدمات کے اعتراف پر اعزازات تفویض کئے گئے۔