لاہور: پی ٹی آئی ریلی، زمان پارک کے باہر حالات کشیدہ

عمران خان کی قیادت میں 'نظام بدلو، حالات بدلو' ریلی کے انتظامات مکمل
کیپشن: Under the leadership of Imran Khan, the arrangements for the 'Change the system, change the situation' rally are complete(file photo)

ایک نیوز: پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران خان کی قیادت میں بدھ کو لاہور میں ریلی کا اہتمام کیا گیا ہے جس کا عنوان 'نظام بدلو اور حالات بدلو' رکھا گیا ہے۔تاہم ریلی کے آغاز سے قبل ہی زمان پارک کے باہر حالات کشیدہ ہوگئے ہیں۔ 

ریلی دوپہر ایک بجے عمران خان کی رہائش گاہ زمان پارک سے نکلنا تھی اور اسےفیروز پور روڈ سے ہوتے ہوئے داتا دربار پر اختتام پذیر ہونا ہے۔

تحریکِ انصاف نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ ریلی پاکستان کی تاریخ کی سب سے بڑی ریلی ہو گی جس کا مقصد ملک کا نظام اور حالات بدلنا ہے۔

ریلی سے پہلے زمان پارک کے باہرکشیدگی کا ماحول ہے، پولیس کی نفری تعینات کرنے پر پی ٹی آئی کارکنوں نے پولیس کی گاڑیوں کوگھیرلیا اور نعرے بازی کی ہے۔

پی ٹی آئی کی جانب سے آج نکالی جانے والی ریلی کے انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں، ریلی کی قیادت چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان بلٹ پروف گاڑی میں کریں گے۔ اس کے علاوہ جیمرز والی گاڑی اورعمران خان کی ذاتی سکیورٹی سمیت ریسکیو کی گاڑیاں بھی ہمراہ ہوں گی۔

ریلی کے لیے تیار کیے جانے والے کینٹینر میں پارٹی کے مرکزی اور صوبائی قائدین موجود ہوں گے۔

ریلی کے راستے پر رہنماؤں کی جانب سے مختلف مقامات پر استقبالیہ کیمپ لگائے جائیں گے۔ زمان پارک میں آنے والے تمام قافلوں کا اکمل خان باری استقبال کریں گے۔ مال روڈ انڈرپاس کراس کرکے علی حسن عباس ایڈووکیٹ ریلی کے شرکاء کے لیے دودھ کی سبیل لگائیں گے۔ جیل روڈ انڈر پاس کراس کرکے ناصر سلمان ریلی کے شرکاء کو ویلکم کریں گے۔ 

ایف سی کالج انڈرپاس کراس کرکے  شنیلا روتھ کرسچن کمیونٹی کے ہمراہ ریلی کے شرکاء کا استقبال کریں گی۔ فیروز پور روڈ نہر پر حاجی کرامت کھوکھر، ظہیر عباس کھوکھر، ندیم عباس بارا ریلی کے شرکاء کا استقبال کریں گے۔ مسلم ٹاؤن موڑ فیروز پور روڈ پر علامہ اصغر عارف چشتی کی قیادت میں علماء ونگ ریلی کے شرکاء کا استقبال کریں گے۔ 

پتھر مارکیٹ مین فیروز پور روڈ پر  انصاف ٹریڈر لاہور کے صدر ملک عثمان اور جنرل سیکرٹری میاں مقبول کی قیادت میں ریلی کے شرکاء کا استقبال کریں گے۔ مین اچھرہ چوک پر میاں محمود الرشید سمن آباد ٹاؤن کے عہدے داران ریلی کے شرکاء کا استقبال کریں گے۔ ایل او ایس چوک میں میاں اسلم اقبال ریلی کے شرکا کا استقبال کریں گے۔ 

مزنگ چونگی پر میاں  اکرم عثمان  علی امتیاز وڑائچ علی حسن عباس ریلی کے شرکاء کا استقبال کریں گے۔ بڑی سکرین نصب کی جائے گی اور عمران خان صاحب ریلی کے شرکاء سے خطاب کریں گے۔ ہمدرد سینٹر کے سامنے لٹن روڈ پر آصف بھٹی کی قیادت میں منیارٹی کے عہدیدران ریلی کے شرکاء کو ویلکم کریں گے۔ ایم اے او کالج ڈاکٹر یاسمین راشد اور داتا گنج بخش ٹاؤن کے عہدے داران ریلی کے شرکاء کو ویلکم کریں گے۔ 

پی ایم  جی چوک پر  انصاف لائرز فورم کے شاداب  جعفری اور حسان نیازی کی قیادت میں ریلی کے شرکاء کا استقبال کریں گے۔ گورنمنٹ کالج کے نزدیک ناصر احمد انصاری  تاجروں کے ہمراہ ریلی کے شرکاء کا استقبال کریں گے۔ سنٹرل ماڈل سکول  ملک رضوان ریاض  ریلی کے شرکاء کا استقبال کریں گے۔ 

داتا دربار چوک پر اصغر گجر، یاسر گیلانی، مہر واجد عظیم، ملک وقار، محمد خان مدنی اور غلام محی الدین دیوان ریلی کے شرکاء کا استقبال کریں گے۔

پی ٹی آئی نے لاہور کے شہریوں، کسانوں اور تاجروں سے اپیل کی ہے کہ وہ ریلی میں شرکت کریں۔

محکمہ داخلہ پنجاب نے پی ٹی آئی کو بذریعہ خط ریلی کے دوران سخت حفاظتی انتظامات اختیار کرنے کی ہدایت کی ہیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے اس ریلی کو انتخابی مہم کا آغاز قرار دیا ہے۔

عمران خان نے منگل کو ایک ٹوئٹ میں کہا تھا کہ پنجاب اور خیبر پختونخوا کے انتخابات میں ریکارڈ ٹرن آؤٹ کے لیے وہ عوام کو متحرک کریں گے اور اسی کے ساتھ پی ٹی آئی بیک وقت حکمراں اتحاد میں شامل جماعتوں، ان کے سرپرستوں اور ریاستی مشینری کا مقابلہ کرے گی۔