بہاولپور: انٹرنیشل ایئرپورٹ پر فل اسکیل ایمرجنسی مشق 'ایوی ایشن ریسکیو222' کا انعقاد

ایک نیوز: بہاولپور میں بین الاقوامی ہوائی اڈے پر فل اسکیل ایمرجنسی مشق (ایوی ایشن ریسکیو-222) کا انعقاد کیا گیا۔ مشق میں ہوائی اڈے پر فرضی ہوائی جہاز حادثے کی عکس بندی کی گئی۔

تفصیلات کے مطابق مشق کا مقصد سول ایوی ایشن کے داخلی محکموں، ایئر لائنز اور بیرونی ایمرجنسی ایجنسیوں کی مربوط کوششوں کا جائزہ لینا تھا۔ مشق کو دو مرحلوں میں مکمل کیا گیا۔ پہلے مرحلے میں ایندھن سے لگی آگ بجھائی گئی۔

دوسرے مرحلے میں زخمیوں کو جائے حادثہ سے نکال کر طبی امداد فراہم کی گئی اور ہسپتال منتقل کیا گیا۔

مشق میں سول ایویشن، پی آئی اے، اسلامیہ یونیورسٹی، یو اے وی سکوارڈن 51، اے ایس ایف نے حصہ لیا۔ سی ایم ایچ، ایدھی ایمبولینس سروسز، ریسکیو 1122، وکٹوریہ اور صادق مہر ہسپتال، سٹی فائر بریگیڈ اور سول ڈیفنس نے بھی شرکت کی۔

پاکستان آرمی ایوی ایشن بہاولپور نے ہیلی کاپٹر اور ہنر مند ٹیم فراہم کرکے مشق میں حصہ لیا۔ آرمی ایوی ایشن، یو اے وی سکوارڈن 51، اے ایس ایف اور پی آئی کے ایمپائرز نے مشق کا جائزہ لیا۔

پاک فوج نمائندوں، ہسپتالوں کی انتظامیہ اور اعلیٰ ضلعی انتظامیہ کے مہمان خصوصی نے مشق کو دیکھا اور ایجنسیز کی کارکردگی کو سراہا۔ شرکاء میں ایئرپورٹ منیجر کی طرف سے شرکت کے سرٹیفکیٹس بھی تقسیم کیے گئے۔