دنیا ٹک ٹاک کی مقبولیت سے خائف، پابندی لگانے کی تیاریاں

tik tok banned
کیپشن: tik tok banned
سورس: google

ایک نیوز : چین کی ویڈیو اسٹریمنگ ایپ، ٹک ٹاک کی تیزی سے بڑھتی مقبولیت نے دنیا بھر کے قانون سازوں اور پرائیویسی کے معاملات دیکھنے والوں کو تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔ آخر اس کی وجہ کیا ہے؟
جہاں ایک طرف نوجوانوں میں یہ ویڈیو اسٹریمنگ ایپ مقبول تر ہوتی جا رہی ہے وہیں دوسری جانب عالمی سطح پر قانون ساز اس بحث میں مصروف ہیں کہ اگر وہ ٹک ٹاک کو غیر قانونی قرار نہیں دے سکتے تو اسے سخت حدود کا پابند کس طرح بنایاجائے۔
گو یورپی یونین کی جانب سے نئی قانون سازی کی جارہی ہے جس کے تحت ٹک ٹاک کو نقصان دہ مواد پر سختی سے نظر رکھنے پر مجبور کیا جاسکے گا تاہم امریکا سے جاپان تک دنیا کے کئی ممالک اس غور و فکر میں ہیں کہ اس ایپ کو مزید ریگولیٹ کریں یا بھارت کی طرح ٹک ٹاک پر مکمل پابندی عائد کردیں۔

ضابطہ کاروں کو خدشہ ہے کہ چینی حکومت اس ایپ کو اپنے مفادات کے فروغ کے لیے استعمال کر سکتی ہے۔ انہوں نے خبردار کیا ہے کہ بیجنگ حکومت صارفین کے ڈیٹا تک خفیہ رسائی حاصل کرتے ہوئے گمراہ کن معلومات پھیلا سکتی ہے۔

ڈیجیٹل رائٹس کے لیے کام کرنے والی برسلز کی غیر منافع بخش تنظیم، ایکسس ناؤ (Access Now) سے منسلک ماہر ایسٹیل ماس، کا ڈوئچے ویلے سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا، ''چینی حکومت کی جانب سے ممکنہ نگرانی کے جائز خدشات موجود ہیں۔ ایسے میں ٹک ٹاک پر خصوصی طور پر نظر رکھنے کی ضرورت ہے کیونکہ یہ دنیا میں تیزی سے پھیلتا ہوا سوشل میڈیا ہے اور اس کے صارفین میں اکثریت کم عمر افراد کی ہے۔‘‘

ٹک ٹاک کی مالک کمپنی، ByteDance کو صارفین کی معلومات اکھٹا کرتے ہوئے انہیں استعمال کرنے کے طریقہ کار پر پہلے ہی کافی عرصے سے کڑی جانچ پڑتال کا سامنا ہے۔ تاہم ضابطہ کاروں کی جانب سے کمپنی پر دباؤ میں مزید اضافہ اس وقت ہوا جب گزشتہ برس دسمبر میں یہ بات سامنے آئی کہ ByteDance کے ملازمین نے پریس کو لیک کی جانے والی معلومات کی تفتیش کے لیے مغربی صحافیوں کے ذاتی ڈیٹا تک رسائی حاصل کی۔

ڈوئچے ویلے سے بات کرتے ہوئے ٹک ٹاک کی ترجمان نے اس واقعے کو ''چند مخصوص افراد کی جانب سے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی‘‘ کا واقعہ قرار دیا اور کہا کہ اب وہ افراد ByteDance کے ملازم نہیں ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اس واقعے کے بعد کمپنی نے صارفین کے ڈیٹا تک رسائی کو مزید سخت کر دیا ہے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ٹک ٹاک کے صارفین کا ڈیٹا چین سے باہر موجود مراکز میں محفوظ کیا جاتا ہے تاہم چین میں موجود چند ہی ملازمین کو اس تک رسائی دی گئی ہے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ بیجنگ حکومت نے نہ تو کبھی ٹک ٹاک صارفین کا ڈیٹا طلب کیا اور نہ ہی کبھی ایسی معلومات انہیں مہیا کی گئیں۔

انٹرنیٹ کی تاریخ میں کوئی ایپ اتنی تیزی سے مقبول نہیں ہوئی جتنی کہ ٹک ٹاک۔ چند برسوں کے اندر ہی یہ ایپ خبریں اور معلومات فراہم کرنے والا دنیا کا معروف ترین سوشل میڈیا پلیٹ فارم بن گیا جس کے صارفین کی تعداد میں بھی اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔

ٹک ٹاک کے صارفین ہیں اصل میں ہیں کتنے ؟

سن 2018 میں ByteDance نے چینی ایپ Douyin کی طرز پر عالمی مارکیٹ میں ٹک ٹاک کو لانچ کیا۔ ستمبر 2021 میں پلیٹ فارم نے اعلان کیا کہ اس کے ماہانہ سرگرم صارفین کی تعداد ایک بلین تک پہنچ گئی ہے۔ فیس بُک کو یہ ہی سنگ میل طے کرنے میں آٹھ برس لگے۔ ڈاون لوڈ کے اعداد وشمار کے مطابق اس کے صارفین کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ تاہم یہ تعداد کتنی ہے، ٹک ٹاک کی جانب سے یہ معلومات کمپنی کی پالیسی کے باعث فراہم نہیں کی گئی ہے۔

ٹک ٹاک کی مقبولیت کا راز

تجزیہ کار اس بات پر متفق ہیں کہ ٹک ٹاک کا 'فار یو‘ پیج اس ایپ کی مقبولیت کے پیچھے چھپا راز ہے۔ یہ پیج ویڈیوز کا ایسا سلسلہ دیتا ہے جو ہر صارف کو مختلف انداز میں نظر آتا ہے۔ صارف جیسے ہی اس ایپ کو کھولتے ہیں تو یہ خودکار طریقے سے کام کرتے ہوئے صارف کی توجہ سے منسلک مواد کا تجزیہ شروع کر دیتا ہے مثلا صارف کس طرح کا مواد دیکھنا چاہتا ہے یا کتنی دیر کوئی ویڈیو دیکھ رہا ہے۔ اس طرح سے کچھ ہی وقت میں اس کا الگوردم یہ سیکھ لیتا ہے کہ استعمال کرنے والے صارف کی دلچسپی کا باعث کس انداز کا مواد ہے۔

کیا ٹک ٹاک ہائی جیک ہو سکتا ہے؟
خبروں تک رسائی کے لیے ٹک ٹاک کا استعمال بڑھتا جا رہا ہے اور ڈی ڈبلیو سمیت کئی بڑے خبر رساں ادارے اس پلیٹ فارم پر باقاعدگی سے پوسٹ کرتے رہتے ہیں۔ تاہم تنقید نگاروں کا کہنا ہے کہ اس پلیٹ فارم کے طاقتور الگوردم کو جان بوجھ کر غلط معلومات پھیلانے کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔

امریکی تحقیقاتی ادارے ، ایف بی آئی کے ڈائریکٹر کرس رے سمیت دیگر امریکی حکام نے خبردار کیا ہے کہ خصوصی طور پر بیجنگ حکومت اس ایپ پر جاری مواد کو غلط انداز میں استعمال کرتے ہوئے رائے عامہ پر اثرانداز ہونے یا بیرون ممالک سماجی انتشاری کو پھیلانے نے کے استعمال کر سکتی ہے۔

ٹک ٹاک کی ترجمان نے ان الزامات کو رد کرتے ہوئے زور دیا ہے کہ اس پلیٹ فارم کی کوشش رہی ہے کہ غلط معلومات کے پھیلاؤ کو زیادہ سے زیادہ مؤثر انداز سے قابو کیا جائے۔ انہوں نے اس بات کی جانب بھی اشارہ کیا کہ ٹک ٹاک کی جانب سے حقائق جانچنے والی مختلف تنظیموں کے ساتھ پارٹنرشپ کے علاوہ حکومتی یا اس کا اثر رسوخ رکھنے والے اکاؤنٹ سے ویڈیو اپ لوڈ ہونے پر صارفین کو مطلع کیا جاتا ہے۔

یورپی یونین کی جانب سے جلد ہی ایسی قانون سازی کا اطلاق کیا جائے گا جس کے مطابق سوشل میڈیا کے بڑے پلیٹ فارمز پر لازم ہوگا کہ وہ یورپی یونین کے منتخب کردہ تجزیہ کاروں کو اپنے اندرونی کام کے بارے میں معلومات فراہم کریں۔ تاہم ابھی یہ طے نہیں کیا گیا کہ کیا ان پلیٹ فارمز میں ٹک ٹاک بھی شامل ہے یا نہیں۔

دوسری جانب امریکی ایوان نمائندگان میں اس ماہ قانون سازوں کی جانب سے ٹک ٹاک پر پابندی عائد کرنے کے حوالے سے ایک بل پر ووٹنگ ہو گی۔ اگر اکثریت رائے سے یہ بل پاس ہو گیا تو امریکی صدر جو بائڈن کی قانونی انتظامیہ ٹاک ٹاک پر وسیع تر قومی مفادات کے تناظر میں ملک بھر میں پابندی عائد کر سکتی ہے۔