عدالت نے مانا ہے ذوالفقار علی بھٹو کو فیئر ٹرائل نہیں ملا،بلاول بھٹو

عدالت نے مانا ہے ذوالفقار علی بھٹو کو فیئر ٹرائل نہیں ملا،بلاول بھٹو
کیپشن: The court has accepted that Zulfiqar Ali Bhutto did not get a fair trial, Bilawal Bhutto

ایک نیوز:چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹوزرداری نےکہاہےکہ عدالت نےماناہےکہ ذوالفقارعلی بھٹوکوفیئرٹرائل نہیں ملا۔
تفصیلات کےمطابق چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹوزرداری کاسپریم کورٹ کےباہرمیڈیاسےگفتگوکرتےہوئےکہناتھاکہ آج سپریم کورٹ نے تاریخی فیصلہ سنادیا ہے،جب فیصلہ تفصیلات کے ساتھ سامنے آئے گا تو وکلا سے بات کرونگا۔
بلاول بھٹو زرداری کامزیدکہناتھاکہ عدالت نے کہا کہ ماضی کی غلطیوں کو درست کرنے کیلئے فیصلہ سنا رہے ہیں، جن وکلا نے ذوالفقار بھٹو کا مقدمہ لڑا ان کاشکریہ ادا کرتا ہوں،سپریم کورٹ نے کہا کہ ذوالفقار بھٹو کو فیئر ٹرائل نہیں ملا۔
چیئرمین پیپلزپارٹی کاکہناتھاکہ عدالت نے تاریخی رائے دی ہے،ماضی کی غلطیوں کو درست کرنے کے لیے فیصلہ سنایاہے،اس فیصلے کی وجہ سے پاکستان آگے جاکے ترقی کرے گا۔ آج ایک تاریخی قدم اٹھایا گیا ہے، 44 سال بعد تاریخ درست ہونے جارہی ہے۔

بلاول بھٹوکامزیدکہناتھاکہ  بھٹو کو پھانسی دیے جانے کا فیصلہ ایک ایسا داغ تھا جس کی وجہ سے عوام سمجھتے تھے کہ انصاف ملنا مشکل ہوگا،جج صاحبان اور وکلا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس فیصلے کے بعد امید ہے کہ نظام صحیح سمت میں چلنا شروع  ہوجائے گا۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے بھٹو صدارتی ریفرنس میں رائے دیتے ہوئے کہا ہے کہ ذوالفقارعلی بھٹو کو فیئر ٹرائل کا موقع نہیں ملا، سپریم کورٹ کی رائے متفقہ ہوگی، بھٹو کے ٹرائل میں بنیادی حق پر عمل نہیں کیا گیا۔

چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کا کہنا تھا کہ عدلیہ کا کام انصاف کی فراہمی ہے، تاریخ میں ایسے متعدد مقدمات ہیں جن میں درست فیصلے نہیں ہوئے، ماضی کی غلطیوں کے ازالے کے بغیر درست سمت میں نہیں جاسکتے۔