ورلڈ کپ،بھارت نے جنوبی افریقہ کو 243رنز سے شکست دیدی

ورلڈ کپ،بھارت نے جنوبی افریقہ کو 243رنز سے شکست دیدی
کیپشن: World Cup, India defeated South Africa by 243 runs

ایک نیوز :ورلڈکپ کے 37ویں میچ میں  جنوبی افریقا کو 243 رنز سے شکست دیکر بھارت نے مسلسل 8ویں فتح حاصل کرلی۔
ایڈن گارڈنز کولکتہ میں کھیلے گئے میچ میں بھارت نے جنوبی افریقا کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔بھارت نے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 326 رنز بنائے، ویرات کوہلی 101 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔اس کے علاوہ شریاس ائیر نے 77 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 2 چھکے اور 7 چوکے شامل تھے۔ کپتان روہت شرما 40،شبمن گل 23 اور سوریاکمار یادیو نے 22 نے رنز بنائے، کے ایل راہول 8 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ رویندرا جڈیجا 29 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

جنوبی افریقا کی جانب سے مارکو یانسن، کگیسو رباڈا، کیشو مہاراج اور تبریز شمسی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔بھارت کے 327 رنز کے ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقا کی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور کوئی بھی بیٹر بھارتی بولرز کے سامنے جم کر نہ کھیل سکا۔

جنوبی افریقا کی پوری ٹیم  28 ویں اوور میں صرف 83  رنز پر آل آؤٹ ہوگئی، مارکو یانسن 14 اور وین ڈر ڈوسین 13 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

کپتان ٹمبا باووما اور ڈیوڈ ملر نے 11 ،11 رنز بنائے جبکہ  ایڈن مارکرم 9 اور کیشو مہاراج 7 رنز بناسکے۔

بھارت کی جانب سے رویندرا جڈیجا نے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، محمد شامی اور کلدیپ یادیو نے 2 ، 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ محمد سراج نے ایک وکٹ لی۔

ویرات کوہلی کو شاندار بیٹنگ کرنے پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔

کوہلی نے ٹنڈولکر کا ون ڈے کرکٹ میں سب سے زیادہ سنچریوں کا ریکارڈ برابر کر دیا

ویرات کوہلی نے کولکتہ میں آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ میں جنوبی افریقا کے خلاف میچ میں اپنی 35 ویں سالگرہ کے دن شاندار سنچری اسکور کرکے ٹنڈولکر کا ریکارڈ برابر کیا۔

کوہلی کی ون ڈے سنچریوں کی تعداد 49 ہوگئی ہے، انہوں نے یہ سنگ میل 289 ویں میچ میں عبور کیا۔اس سے قبل سچن ٹنڈولکر نے 463 ون ڈے میچز میں 49 سنچریاں اسکور کی تھیں۔

پوائنٹس ٹیبل

واضح رہے کہ ورلڈ کپ میں اب تک دونوں ٹیمیں 8،8  میچز کھیل چکی ہیں، بھارت ناقابل شکست ہے جبکہ جنوبی افریقا نے 6 میچز جیتے ہیں۔

پوائنٹس ٹیبل پر بھارت 16 پوائنٹس کے ساتھ پہلے اور جنوبی افریقا 12 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے، دونوں ٹیمیں پہلے ہی سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر چکی ہیں۔

آسٹریلیا تیسرے اور نیوزی لینڈ کا چوتھا نمبر ہے۔

 گروپ اسٹیج کے اختتام پر ٹاپ فور ٹیمیں سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کریں گی۔