عثمان ڈار کا تحریک انصاف،سیاست چھوڑنے کااعلان

9مئی واقعات کی پلاننگ عمران خان نے کی،عثمان ڈار
کیپشن: The events of May 9 were planned by Imran Khan, Usman Dar

ایک نیوز: عثمان ڈار نے سانحہ9مئی کاذمہ دار عمران خان کو قرار دیتے ہوئے تحریک انصاف اور سیاست چھوڑنے کااعلان کردیا۔

   پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عثمان ڈار  نے نجی ٹی وی کو انٹرویو میں انکشاف کیا ہے کہ نو مئی کے واقعات کی پلاننگ چیئرمین پی ٹی آئی کی زیر صدارت زمان پارک میں ہوئی اور حساس تنصیبات کو نشانہ بنانے کی ہدایت عمران خان نے کی تھی۔

 عثمان ڈار کاکہنا تھاکہ اکتوبر 2022 کا لانگ مارچ جنرل عاصم منیر کی بطور آرمی چیف تعیناتی روکنے کے لیے کیا گیا جبکہ چیئرمین پی ٹی آئی نے گرفتاری سے بچنے کے لیے کارکنوں کو بطور انسانی ڈھال استعمال کیا اور گرفتاری سے بچنے کے لیے کارکنان کی ذہن سازی کی۔

عثمان ڈار کاکہنا تھاکہ  جوڈیشل کمپلیکس اسلام آباد اور زمان پارک میں جوکچھ ہوا وہ اسی ذہن سازی کا نتیجہ تھا، چیئرمین پی ٹی آئی کی گرفتاری کی صورت میں حساس تنصیبات پر حملے کی ہدایت دی گئی، حساس تنصیبات کو نشانہ بنانے کی ہدایت خود چیئرمین پی ٹی آئی نے دی۔

 عثمان ڈار کا کہنا تھاکہ 9مئی حملوں کا مقصد فوج پر دباؤ ڈال کر جنرل عاصم منیر کو عہدے سے ہٹانا تھا، جس کے لیے ملک بھر سے زمان پارک کے باہر ورکرز اکٹھے کر کے ذہن سازی کی گئی۔

عثمان ڈار نے مزید کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے ریاست مخالف بیانیے کو سپورٹ کیا، پی ٹی آئی کی موجودہ صورتحال کے ذمہ دار چیئرمین پی ٹی آئی خود ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عثمان ڈار سانحہ نو مئی کے بعد سے روپوش تھے اور آج اچانک وہ منظر عام پر آئے ہیں۔