عمران خان کا جیل بھرو تحریک شروع کرنے کا اعلان

عمران خان کا جیل بھرو تحریک شروع کرنے کا اعلان
کیپشن: عمران خان کا جیل بھرو تحریک کا اعلان

ایک نیوز: سابق وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ حکومت کی انتقامی کارروائیوں کے پیچھے کچھ اور لوگ ہیں۔جیل بھرو تحریک شروع کرنے کا اعلان کردیا ،90دن میں الیکشن نہ ہوئےتو ذمہ داران پر آرٹیکل 6 لگے گا۔

تفصیلات کے مطابق اپنے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ ریاست مدینہ کی بنیاد عدل و انصاف پر رکھی گئی، عدل وانصاف کے بغیر کسی ریاست میں خوشحالی نہیں آسکتی، عدل و انصاف کے معاشرے میں بڑے لوگ چوری کر کے معاف نہیں کروا سکتے، جہاں انصاف ہوتا ہے وہاں قبضہ گروپ اور این آر او نہیں ہوتا۔

چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ معیشت کی بہتری کیلئے بھی قانون کی حکمرانی ضروری ہے، سرمایہ کار اپنا سرمایہ اسی ریاست میں لگاتے ہیں جہاں قانون کی حکمرانی ہو۔

عمران خان نے مزید کہا کہ سازش کے تحت ملک میں چوروں کی حکومت لائی گئی، اسحاق ڈار نے بڑی بھڑکیں ماریں کہ ڈالر کو 200 سے نیچے لے کر آؤں گا، جب عدم اعتماد لائی گئی تو ڈالر178روپے کا تھا، 9مہینے میں ڈالر 100روپے مہنگا ہوچکا ہے، ڈالر مہنگا ہونے سے ملک میں مہنگائی آچکی ہے، ملک میں ابھی مزید مہنگائی ہونے والی ہے۔انہوں نے کہا کہ  سازش کے تحت مجرموں کی حکومت قائم کی گئی، جدوجہد نہ کی تو تباہی کے ذمے دار سب ہوں گے، مہنگائی 50 سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہے، آگے مزید بڑھے گی۔میری پیشگوئی ہے کہ مہنگائی کرنے والی حکومت کے لوگ ملک سے بھاگنے کی تیاری کر رہے ہوں گے، اپنا پیسہ ملک سے باہر رکھ کر یہ لوگ بیرون ملک پاکستانیوں سے کہہ رہے ہیں خیرات دیں۔

پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نےکہا کہ شہباز گل کو ننگا کر کے تشدد کیا گیا، اس پر اب بھی تشدد کے اثرات ہیں، اعظم سواتی نے پیٹرول پمپ پر جھاڑو دے کر پیسہ بنایا، اسے ایک ٹوئٹ پر گرفتار کرکے تشدد کیا گیا، شندانہ گلزار نے ایسا کیا کر دیا کہ اسے دہشتگرد بنا دیا، کوئی بیان دیا ہے تو آپ اسے مسترد کر سکتے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ 75 سال کے شیخ رشید کو ہتھکڑیاں لگا کر لاک اپ میں رکھا گیا، میرے اوپر اس وقت 60 سے زائد مقدمات درج ہیں، ہمیں ڈرانے دھمکانے کا مقصد میدان سے ہٹانا ہے، تاکہ لندن سے بھاگا بھاگا ایک شخص آئے اور الیکشن جیت سکے۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ ملک تماشہ دیکھ رہا ہے، 18 دن ہوگئے، پنجاب اور کے پی کے گورنرز نے انتخابات کی تاریخ نہیں دی، 90 دن بعد انتخابات نہیں ہوئے تو گورنرز کے خلاف آئین کے آرٹیکل 6 کے تحت غداری کا مقدمہ بنے گا۔

عمران خان نے کہا کہ منصوبہ یہ تھا کہ عمران خان کو جیل میں ڈالا جائے، بولنے والوں کے منہ بند کیے جائیں، سارا ملک عدلیہ کی طرف دیکھ رہا ہے، امید ہے عدلیہ آئین کے ساتھ کھڑی ہوگی، قوم تماشہ دیکھ رہی ہے کہ 90 دن میں الیکشن ہوں گے یا نہیں؟سابق وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت کو یہ معلوم نہیں کہ اب حالات بہتر کیسے ہوں گے، امپورٹڈ حکومت الیکشن سے بھاگنے کی بھی تیاری کر رہی ہے، یہ اپنے مخالفین کے خلاف کیسز بنارہے ہیں، اگر ہم آج بحیثیت قوم نہ جاگے تو سب اس صورت حال کے ذمہ دار ہوں گے۔حکومت کو انتخاب کی تاریخ دینا پڑے گی ورنہ آئینی شکنی کی مرتکب ہوگی، یہ لوگ الیکشن سے نہیں بھاگ سکتے۔حکومت کی ناک تلے دوبارہ دہشت گردی ملک میں سر اٹھا رہی ہے، انہیں امن و امان کی نہیں مخالفیں کو کچلنے کی فکر ہے۔