اسد قیصر کی اپیکس کمیٹی میں شہباز شریف کی گفتگو کی مذمت

اسد قیصر کی اپیکس کمیٹی میں شہباز شریف کی گفتگو کی مذمت
کیپشن: اسد قیصر کی اپیکس کمیٹی میں شہباز شریف کی گفتگو کی مذمت

ایک نیوز: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے اپیکس کمیٹی میں وزیر اعظم شہباز شریف کی گفتگو کی مذمت کردی۔

تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے رہنما اسد قیصر نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت نے خیبرپختونخوا کے فنڈز روک لیے، صوبے کے 230 ارب روپے واجب الادا ہیں۔امپورٹڈ حکومت کا رویہ فسطائیت پرمبنی ہے، مخالفین کو دبانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ دہشتگردی سے سب سے زیادہ صوبہ خیبرپختونخوا متاثر ہوا، پی ٹی آئی کے دور میں دہشتگردی پر موثر انداز میں قابو پایا گیاتھا۔پی ٹی آئی دور میں بم دھماکے، خودکش حملے یا دہشتگردی کے واقعات نہیں ہوئے، دہشتگردی سے متعلق تحریک انصاف کی پالیسی کامیاب رہی۔

واضح رہے کہ اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا آج ہمیں حق بات کرنا ہوگی، 417 ارب روپے وفاق نے خیبرپختونخوا کو دیے ہیں، پوچھنا چاہتا ہوں کہ 417 ارب روپے کہاں گئے، سی ٹی ڈی پنجاب 3 ارب میں بنی، یہاں 4 ارب میں بنالیتے، کے پی کے پاس 417 ارب روپے تھے وہ دس سیف سٹی بناتے لیکن ایک بھی نہ بنی۔

ان کا کہنا تھا قوم کو جواب دینا ہو گا کہ دہشتگرد یہاں کس طرح آئے اور کون انہیں یہاں لایا، ملک کی تقدیر بہتر کرنے کے لیے آپ اپنے لوگوں سے ہاتھ ملانے کے لیے تیار نہیں اور ان لوگوں کو پاکستان میں سیٹل کرنے کے لیے لایا گیا، اس طرح کا دوہرا معیار نہیں چلے گا۔