نگران وزیراعظم پر مزید مشاورت کا فیصلہ،متعدد ناموں پر غور

نگران وزیراعظم پر مزید مشاورت کا فیصلہ،متعدد ناموں پر غور

ایک نیوز: حکومت  اور اتحادی جماعتوں نے نگران سیٹ اپ کی تشکیل پر مزید مشاورت جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی سربراہی میں نگران سیٹ اپ کی تشکیل پر اتحادی جماعتوں کا اجلاس ہوا جس  میں مولانا فضل الرحمان، بلاول بھٹو زرداری، اختر مینگل، شاہ زین بگٹی، خالد مقبول صدیقی، اسلم بھوتانی اور محسن داوڑ سمیت دیگر شریک ہوئے۔ اجلاس میں نگران وزیراعظم کے تقرر اور نگران سیٹ اپ کی تشکیل کیلئے متعدد ناموں پر غور کیا گیا۔ 

 ذرائع کا کہنا ہےکہ اجلاس میں نگران وزیراعظم کے لیے شاہد خاقان عباسی، حفیظ شیخ اور دیگر ناموں پر غور کیا گیا ہے جس کے بعد اتحادی جماعتوں نے اس حوالے سے مزید مشاورت جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف نے 9 اگست کو قومی اسمبلی تحلیل کرنے کی تاریخ دی ہے۔وزیراعظم شہباز شریف نےاتحادی رہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قومی اسمبلی توڑنےکی سمری 9 اگست کو صدر کو بھیج دیں گے۔

 وزیر اعظم کا کہنا تھا نگران وزیر اعظم کے نام کے لیے کل سے مشاورت ہو گی اور آئندہ 2 سے 3 روز میں مشاورت مکمل کر لیں گے۔

خیال رہے کہ موجودہ قومی اسمبلی کی مدت 12 اگست کی رات 12 بجے ختم ہو رہی ہے اور چند روز قبل وفاقی وزیر برائے آبی وسائل خورشید شاہ نے بھی ایک بیان میں کہا تھا کہ 9 اگست کو قومی اور صوبائی اسمبلیاں تحلیل کرنے کی سمری صدر کو بھیج دیں گے۔