موت کی جھوٹی خبر پھیلانا پونم پانڈےکو مہنگا پڑگیا 

Indian model Poonam Pandey fakes death to raise cervical cancer awareness
کیپشن: موت کی جھوٹی خبر پھیلانا پونم پانڈےکو مہنگا پڑگیا 

ویب ڈیسک :موت کی جھوٹی خبر پھیلانا پونم پانڈے کو مہنگا پڑ گیا ،سوشل میڈیا صارفین نے اداکارہ کو آڑے ہاتھوں لے لیا ۔

تفصیلا ت کے مطابق جمعے کو انڈین اداکارہ اور ماڈل پونم پانڈے کی موت کی خبریں سامنے آئیں جب ان کے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر ایک پوسٹ کے ذریعے یہ بتایا گیا کہ ان کی سروائیکل کینسر سے وفات ہوگئی ہے بعد میں وہ خود منظر عام پر آئیں اور انھوں نے بتایا ’وہ زندہ ہیں۔ ان کے بقول یہ انہوں نے اس لئے کیا کہ وہ کینسر سے متعلق آگاہی پھیلانا چاہتی تھیں ۔

سوشل میڈیا پر لوگ اس خبر سے حیران بھی تھے اور ماننے سے بھی ہچکچا رہے تھے لیکن کوئی ایسی بات کیوں بولے گا اور آخر ان کے سوشل میڈیا پر بھی یہ بات آ چکی تھی۔ان کی وفات کی خبر سوشل میڈیا پر جنگل میں آگ کی طرح پھیل گئی کئی بھارتی میڈیا چینلز نے ان سے رابطہ بھی کیا تاہم بعد ازاں ان کی ایک ویڈیو سامنے آئی جس میں انھوں نے کہا ’میں زندہ ہوں لیکن بدقسمتی سے میں سینکڑوں اور ہزاروں انڈین خواتین کے بارے میں یہ نہیں کہہ سکتی جن کی زدگیاں سروائیکل کینسر کی وجہ سے ختم ہو گئیں۔انھوں نے ویڈیو میں کہا کہ باقی کینسر کے مقابلے میں لوگوں کو سروائیکل کینسر کے بارے میں معلومات نہیں ہیں اور اس کینسر سے نجات بھی مل سکتی ہے۔

اپنی دوسری ویڈیو میں پونم پانڈے نے لوگوں سے معذرت کی اور کہا کہ ان کی نیت سب کو حیران کر کے سروائیکل کینسر کے متعلق گفتگو آغاز کرنا تھا۔

ان کے مطابق اس موضوع پر جتنی بات ہونی چاہیے اتنی نہیں ہو رہی۔پونم نے یہ بھی تسلیم کیا کہ ان کی جانب سے اپنی موت کا اعلان کرنا ایک ’بڑا قدم‘ تھا جس کی بدولت اب اس موضوع پر بات بھی ہو رہی ہے۔

اس ویڈیو کے بعد سوشل میڈیا پر اداکارہ پر کافی تنقید ہو رہی ہے جہاں صارفین کہہ رہے ہیں کہ لوگوں میں سروائیکل کینسر کے متعلق شعور پیدا کرنے کا یہ صحیح طریقہ نہیں ہے جبکہ کچھ نے اداکارہ پر ’سستی شہرت‘ کے لیے اپنی موت کی غلط خبر پھیلانے کا الزام لگایا۔