پاکستان اور یو اے ای تعلقات کی جڑیں گہری ہیں،وزیراعظم

 پاکستان اور یو اے ای تعلقات کی جڑیں گہری ہیں،وزیراعظم
کیپشن: Pakistan and UAE relations have deep roots, Prime Minister

ایک نیوز:وزیراعظم شہبازشریف کاکہنا ہے کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان برادرانہ تعلقات کی جڑیں تاریخ میں گہری ہیں۔

وزیراعظم سے متحدہ عرب امارات کی سرمایہ کاری کمپنی کے وفد نے ملاقات کی ۔  وفد کی قیادت حیات بائیو ٹیک کے چیئرمین اور متحدہ عرب امارات کے حکمران خاندان کے رکن عزت مآب شیخ احمد دلموک المکتوم نے کی ۔

اجلاس میں وفاقی وزیر خزانہ محمد اسحاق ڈار، وزیر برائے نیشنل ہیلتھ سروسز عبدالقادر پٹیل، ایس اے پی ایم طارق فاطمی اور متعلقہ سرکاری محکموں کے اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔

وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا تھا کہ پاکستان متحدہ عرب امارات کے ساتھ تجارت اور سرمایہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں برادرانہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کو بہت اہمیت دیتا ہے۔

 وزیراعظم نے حیات بائیو ٹیک کی جانب سے ویکسین کی تیاری میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کا خیرمقدم کیا۔  یو اے ای کے وفد کو قابل تجدید توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کی دعوت بھی دی ۔

شہبازشریف کامزیدکہناتھا کہ پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی۔

شیخ احمد دلموک المکتوم کاکہنا تھا کہ  وہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع امکانات سے آگاہ ہیں ۔متحدہ عرب امارات توانائی اور صحت کے شعبوں میں اپنے قدموں کو مزید وسعت دینے کا منتظر ہے۔   

شیخ احمد دلموک المکتوم  نے پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سرمایہ کاری کے پورٹ فولیو کو مزید وسعت دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔