شہبازشریف کا ’’راجن پور‘‘کو ’’منی لاہور‘‘بنانے کااعلان

شہبازشریف کا ’’راجن پور‘‘کو ’’منی لاہور‘‘بنانے کااعلان
کیپشن: شہبازشریف کا ’’راجن پور‘‘کو ’’منی لاہور‘‘بنانے کااعلان

ویب ڈیسک:صدر مسلم لیگ ن شہبازشریف نے ’’راجن پور‘‘کو ’’منی لاہور‘‘بنانے کااعلان کردیا۔
سابق وزیراعظم شہبازشریف کا راجن پور میں انتخابی جلسے سے خطاب میں کہنا تھا کہ  اگر آپ راجن پور کی بہتری چاہتے ہیں تو 8 فروری کو شیر کو جتوائیں، شیر کو کامیاب کرا کر چوتھی مرتبہ وزیراعظم منتخب کریں، جنوبی پنجاب کو مِنی لاہور نہ بنایا تو نام شہباز نہیں۔ راجن پورمیں آئی ٹی یونیورسٹی کے قیام کا اعلان کیا۔
صدر مسلم لیگ ن کاکہنا تھا کہ سیلاب کے دنوں میں دن رات آپ کی خدمت کے لیے کام کیا، یہاں کوئی احسان جتانے نہیں آیا، جب تک آپ کی مشکلات کم نہ ہوئیں آرام سے نہیں بیٹھا، راجن پور کی سڑکوں، تعلیمی اداروں اور اسپتالوں کو دوبارہ بنایا، راجن پور میں دانش سکول بنایا۔ نوازشریف نے کہاتھا کہ دانش سکول بنائیں تاکہ غریبوں کے بچے اچھی تعلیم حاصل کرسکیں۔
شہبازشریف کامزید کہنا تھا کہ  سیلابی صورتحال کی اتنی تباہی اپنی زندگی میں کبھی نہیں دیکھی تھی، سیلاب کے دنوں میں ہزاروں لوگ بے گھر ہوئے۔ نواز شریف نے سیلاب کے دنوں میں کہا تھا آپ نے لاہور نہیں آنا جب تک ان کی مشکل آسان نہ ہو جائے۔
صدر مسلم لیگ ن کاکہنا تھا کہ نوازشریف دور میں مہنگائی کم تھی،اب رکنے کا نام ہی نہیں لے رہی۔ نوازشریف دور میں ہم نے بچوں کو لیپ ٹائم دیے۔ ہم نے لاکھوں لوگوں کو روزگار دیا۔ ملک کی بہتری کے لیے دن رات ایک کریں گے۔ شیر کو کامیاب کرائیں 9 مئی کا اندھیرا 8 فروری کو چھٹ جائے گا، تیر پر ایک اور نقطہ لگا دیں تو شیر بن جاتا ہے، شیر پر مہریں لگائیں، راجن پور کے لیے آئی ٹی اور زرعی یونیورسٹی کا اعلان کر رہا ہوں۔ جام پور کو ضلع کا درجہ دیں گے۔
سابق وزیراعظم کاکہنا تھا کہ عثمان بزدار جو 4 سال پنجاب کا وزیراعلیٰ رہا اس نے علاقے کی صحیح خدمت نہیں کی، عثمان بزدار کے پاس پیسہ بھی تھا مگر وہ یہاں کی حالت نہ بدل سکا، عثمان بزدار کی جگہ اور کوئی ہوتا تو اس علاقے کی تقدیر بدل چکی ہوتی، عثمان بزدار کے پاس جادو ٹونے والے بھی تھے مگر کچھ نہ کرسکا۔