300 یونٹ بجلی مفت، بائیک والوں کو آدھی قیمت پر پیٹرول ملے گا: آئی پی پی کا اعلان

300 یونٹ بجلی مفت، بائیک والوں کو آدھی قیمت پر پیٹرول ملے گا: آئی پی پی کا اعلان
کیپشن: 300 units of electricity free, bikers to get petrol at half price: IPP announcement

ایک نیوز :استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کے صدر عبدالعلیم خان نے اعلان کیا ہے کہ 300 یونٹ سے کم استعمال کرنے والوں کے لیے بجلی مفت، موٹر سائیکل والوں کو آدھی قیمت پر پیٹرول ملے گا۔
آئی پی پی نے جہانیاں میں جلسہ کیا جس سے پارٹی کے پیٹرن ان چیف جہانگیر ترین اور عبدالعلیم خان نے خطاب کیا۔

 چیئرمین استحکام پاکستان پارٹی جہانگیر ترین کا ورکرز کنونشن سے خطاب میں کہنا تھاکہ نیا پاکستان بنانے کی کوشش کو پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے۔ ایسا پاکستان بنائیں گے جس کا خواب 10 سال پہلے دیکھا تھا۔ ہم سب اکٹھے ہو کر نئے پاکستان کو پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے، دس سال پہلے بہتر پاکستان بنانے کے لئے اکٹھے ہوئے تھے، ہم نے صنعت کے شعبے میں تبدیلی لیکر آنی تھی، افسوس یہ سب خواب پورے نہ ہوسکے۔
جہانگیر ترین کاکہنا تھاکہ  ہم نے پوری کوشش کی لیکن سب خواب ادھورے رہ گئے، دس سال ہم نے پی ٹی آئی میں محنت کی، جب چیئرمین پی ٹی آئی وزیراعظم کی کرسی پر بیٹھ گئے تو ہمیں ایک، ایک کر کے ہٹا دیا گیا، ہماری جگہ ان لوگوں کو بٹھایا گیا جن کو جانتے بھی نہیں تھے، پی ٹی آئی ایسے لوگوں کے ہاتھوں میں چلی گئی جو بہتری نہیں لانا چاہتے تھے، آج ہم ادھورے مشن کو پورا کرنے کے لئے اکٹھے ہو رہے ہیں۔
استحکام پاکستان پارٹی کے چیئرمین کاکہنا تھاکہ دس سال پہلے شروع کرنے والے سفر کو پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے، اس وقت شخصیت اہم نہیں ہے سب سے اہم عوام اور ملک ہے، اس کے بغیر کوئی اور دوسرا راستہ نہیں ہے، عوام نے فیصلہ کرنا ہے کونسی سیاسی جماعت بہترہے، عوام کے فیصلے سے ہی ملک کی تقدیر بدل سکتی ہے۔
جہانگیرترین کا کہنا تھاکہ ایسا ملک بنائیں گے نوجوان اپنا ملک چھوڑ کر باہر نہیں جائیں گے، زراعت کا شعبہ ہماری ترجیح ہوگی، کسانوں کو اپنا حق حاصل کرنے کے لئے سڑکوں پر نہیں نکلنا پڑے گا، کسانوں کے حقوق کا تحفظ اور انہیں عزت دیں گے، ہم نے نعرے، بیانات نہیں عملی اقدامات کے لئے منصوبہ بندی کی ہوئی ہے۔
استحکام پاکستان پارٹی کے چیئرمین کاکہنا تھاکہ لودھراں کے عوام کا جلسے میں آمد پر شکر گزار ہوں، اپوزیشن پارٹیوں کو اپنا دشمن نہیں سمجھتا، دشمنی، نفرت کی سیاست کو ہمیشہ کے لئے ختم کرنا ہے، ہماری جدوجہد کا مقصد عوام کی مشکلات کم کرکے انہیں ریلیف دینا ہے، آئیں سب عہد کریں ملکر پاکستان کو عظیم بنائیں گے۔
جہانگیر ترین کاکہنا تھاکہ ہم پوری محنت کے ساتھ اپنے وعدوں کو پورا اور کامیاب ہو کر دکھائیں گے، ایسا پاکستان بنائیں گے جس کا خواب دس سال پہلے دیکھا تھا، ہم اپنے منصوبوں کو عملی شکل دیں گے، ہم ہار ماننے کو تیار نہیں، اپنے سفر کو پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے۔

 استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کے صدر عبدالعلیم خان کاجلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھاکہ ملک میں 300 یونٹ سے کم استعمال کرنے والوں کے لیے بجلی مفت اور موٹر سائیکل والوں کو آدھی قیمت پر پیٹرول ملے گا۔
خانیوال میں جلسے کے دوران عبدالعلیم خان نے ن لیگ اور پیپلز پارٹی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ دس سال پہلے فیصلہ کیا تھا کہ عوام کو باریاں لگانے والی جماعتوں کے چنگل سے نکالنا ہے، اسی لیے نئے پاکستان کے لیے چیئرمین پی ٹی آئی کی قیادت میں جدوجہد شروع کی، لیکن پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت آنے کے بعد کرپشن اور لوٹ مار کا پاکستان بنایا گیا۔
صدر استحکام پاکستان پارٹی کاکہنا تھاکہ ہماری محنت کے نتیجے میں 2018 میں تحریک انصاف اقتدار میں آئی، بزدار پیسے لوٹتا تھا، فرح گوگی کس کے لیے کام کرتی تھیں؟ پنجاب میں 2 کروڑ میں ڈی سی اور 5 کروڑ روپے میں کمشنر لگتے تھے، عثمان بزدار کو بطور فرنٹ مین وزیر اعلیٰ بنایا گیا۔
عبدالعلیم خان کا مزید کہنا تھاکہ تبدیلی ایسے لائی گئی کہ ہم نے شہداء کے مجسموں کو گرتے دیکھا، ن لیگ 7 بار پنجاب میں آ چکی اور کہتے ہیں ہمیں اور موقع دیں، پیپلز پارٹی 15 سال سے سندھ میں ہے، لیکن تھر کی صورتحال ابتر ہے۔
صدر استحکام پاکستان پارٹی کا کہنا تھاکہ تقریباً 12سال پہلےمیں نے اور جہانگیر ترین نے پاکستان کی خدمت کے لیے سیاست میں آنے کا فیصلہ کیا، جو لوگ کہتے تھے ہماری پارٹی کے پاس لوگ کہاں سے آئیں گے وہ آج دیکھ لیں، پنجاب کی چھوٹی تحصیل میں اتنا بڑا ورکر کنونشن کبھی نہیں ہوا۔

استحکام پاکستان پارٹی کا منشور جاری
استحکام پاکستان پارٹی نے اپنا منشور جاری کردیا، پارٹی رہنما عبدالعلیم خان نے کہا کہ ساڑھے بارہ ایکڑ زرعی زمین والے کسان کے ٹیوب ویل کی بجلی مفت ہوگی، ویمن امپاورمنٹ کے لیے خواتین کو گھر بیٹھے روزگار ملے گا۔
 عبدالعلیم خان کاکہنا تھاکہ آپ کے لیے غریب دوست منشور  لےکر آئے ہیں، اگر جہانگیر خان نے وعدہ کیا ہے تو پورا ہوگا، ساڑھے 12 ایکڑ تک کے کسانوں کے لیے ٹیوب ویل پر بجلی مفت ہوگی، تمام یونین کونسل میں فلٹریشن پلانٹ لگائے جائیں گے، نوجوانوں کو بلا سود قرضہ ملے گا، تاکہ کوئی کام شروع کریں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے منشور میں ہے کہ 300 یونٹس کے صارفین کے بل حکومت ادا کرے گی، کچی آبادیوں  کے لوگوں کو مالکانہ حقوق دیے جائیں گے، ہم وہ نظام لے کرآئیں گے جس میں حکومت غریب کے ساتھ کھڑی نظر آئے گی، باریاں لینے والے چوروں کو اس بار گھر میں داخل نہیں ہونے دینا، ملک کو ان چوروں سے نجات دلائیں گے۔
رہنما استحکام پاکستان پارٹی نے کہا کہ بے گھروں کے لیے 3 مرلہ پلاٹ دیے جائیں گے، منشور ہے کہ سب سے کم اجرت 50 ہزار روپے ہوگی، جہانگیر ترین کی سربراہی میں ہم نے اپنا منشور تشکیل دیا ہے۔