گوادر: اےاین ایف کی بڑی کارروائی، بھاری تعداد میں اسلحہ برآمد

گوادر: اےاین ایف کی بڑی کارروائی، بھاری تعداد میں اسلحہ برآمد
کیپشن: Gwadar: Major operation of ANF, huge quantity of weapons recovered

ایک نیوز: اینٹی نارکوٹکس فورس نے کوسٹل لائن، گوادر کے قریب بڑی کارروائی کی ہے۔ گوادر کے علاقے پدیزار میں انسدادِ منشیات سرچ آپریشن کے دوران بھاری تعداد میں اسلحہ برآمد کرلیا گیا ہے۔ 

سرچ آپریشن کے دوران سمندر کے قریب گاڑی سے کشتی میں سامان لوڈ کرنے کا مشاہدہ کیا گیا۔ سرگرمی کو مشکوک جانتے ہوئے اے این ایف ٹیم نے مذکورہ مقام کی جانب پیش قدمی کی۔ 

اے این ایف اہلکاروں کو دیکھ کر ملزمان رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے سامان چھوڑ کر موقع سے فرار ہو گئے۔ اے این ایف ٹیم نے موقع پر پہنچ کر کشتی اور سامان کو قبضے میں لیا۔ سامان کی جانچ پڑتال پر 259 عدد نائن ایم ایم گلاک پستول برآمد ہوئے۔ 

ابتدائی تحقیقات کے مطابق قبضے میں لیا گیا اسلحہ کشتی کے ذریعے یمن اسمگل کیا جا رہا تھا۔ منشیات اور اسلحے کی اسمگلنگ کے درمیان ربط بین الاقوامی سطح پر جرائم کے امکانات کو مزید اجاگر کرتا ہے جبکہ خطے میں تنازعات اور عدم استحکام کو ہوا دینے کی صلاحیت کو بھی اجاگر کرتا ہے۔