شفاف الیکشن چیئرمین پی ٹی آئی کے بغیربھی ہوسکتے ہیں،نگران وزیراعظم

شفاف الیکشن چیئرمین پی ٹی آئی کے بغیربھی ہوسکتے ہیں،نگران وزیراعظم
کیپشن: A transparent election can be held without the Chairman PTI, said the Prime Minister

ایک نیوز ،نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کاکہنا ہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے بغیر بھی ملک میں منصفانہ انتخابات ہو سکتے ہیں۔

پاکستان کے نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کاانٹرویو میں کہنا تھا کہ ملک کے انتخابی عمل میں فوج کی مداخلت کے الزامات مکمل مضحکہ خیز اور بے بنیاد ہیں، عمران خان کی پارٹی اور اس کے کارکنوں پر 9 مئی کے واقعات میں توڑ پھوڑ کے الزامات ہیں، ملک میں آئندہ عام انتخابات عمران خان اور ان کی پارٹی کے بغیر بھی منصفانہ ہو سکتے ہیں۔

نگران وزیراعظم کاکہنا تھاکہ  ملک میں انتخابات پاکستان کی افواج نہیں بلکہ اس کا آئینی ادارہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کرانے جا رہا ہے جس کا سربراہ اس وقت خود سابق وزیر اعظم عمران خان نے تعینات کیا تھا، پھر وہ کیوں الیکشن کمیشن کے خلاف کوئی غلط لفظ استعمال کریں گے۔

نگران وزیراعظم انوار ا لحق کاکڑنے اس امکان کو یکسر مسترد کر دیا کہ پاکستان کی فوج اس بات کو یقینی بنانے کے لیے نتائج میں رد و بدل کرے گی کہ جیل میں بند سابق وزیر اعظم عمران خان کی پارٹی جیت نہ سکے۔

 نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کاکہنا ہے کہ  پاکستان اپریل 2022 سے جب پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کے چیئرمین عمران خان کو پارلیمنٹ میں عدم اعتماد کے ووٹ کے بعد وزیر اعظم کے عہدے سے ہٹایا گیا تو تب سے پاکستان شدید سیاسی بحران کا شکار ہے۔ عمران خان کو اگست کے اوائل میں بدعنوانی کے الزامات میں گرفتار کیا گیا تھا اور 3 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی ، جسے بعد میں معطل کردیا گیا تھا حالانکہ وہ اب بھی جیل میں ہیں۔

انوار الحق کاکڑ کاکہنا تھاکہ  اس وقت ملک کو اپنی تاریخ کے بدترین معاشی بحرانوں کا بھی سامنا ہے اور گزشتہ موسم گرما کے تباہ کن سیلاب سے بھی چھٹکارا حاصل کر رہا ہے جس میں کم از کم 1700 افراد جاں بحق اور لاکھوں گھر اور کھیت تباہ ہوگئے تھے۔ جب الیکشن کمیشن انتخابات کی تاریخ کا حتمی تعین کرے گا تو ان کی حکومت اسے تمام تر مالی، سیکیورٹی یا دیگر متعلقہ ضروریات فراہم کرے گی۔